بچوں کو موبائل سے دُور رکھنے کیلئے ٹک ٹاک کا نیا فیچر
کم عمر ٹک ٹاک صارفین کے اکاؤنٹ پر ’ٹائم اوے بلاک' کا آپشن ہوگا
معروف شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ جلد ایک نیا فیچر متعارف کروانے جارہے ہیں جس کے ذریعے والدین اپنے بچوں کا ٹک ٹاک استعمال کرنے کا وقت محدود کر سکیں گے۔
ٹک ٹاک اپنی مختصر ویڈیوز کے لیے دنیا بھر کے صارفین میں مقبول ہے اور اس کے ایک ارب سے زیادہ صارفین ہیں۔
میڈٰیا رپورٹس کے مطابق ٹک ٹاک کو ایسی متعدد شکایات کا سامنا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ بہت زیادہ اسکرین ٹائم کی وجہ سے نابالغ بچوں کی ذہنی صحت متاثر ہو رہی ہے۔
کمپنی نے اپنی ویب سائٹ پر ایک بیان میں کہا کہ یہ فیچر والدین کو ٹِک ٹاک پر رہنے کے لیے وقت کی حد مقرر کرنے یا 'ٹائم ونڈوز' بنانے کی اجازت دیتا ہے۔
یہ فیچر یورپی یونین کے ملکوں میں فوری طور پر لانچ کیا جا رہا ہے جبکہ اس کے بعد یہ امریکہ اور پھر دیگر ممالک میں بھی ٹک ٹاک استعمال کرنے والوں کو دستیاب ہوگا۔
کم عمر ٹک ٹاک صارفین کے اکاؤنٹ پر ’ٹائم اوے‘ بلاک کا آپشن ہوگا جس کو والدین کے اکاؤنٹ سے اجازت کے بعد ہی کھولا جا سکے گا۔
ٹک ٹاک نے کہا ہے کہ یہ فیچر والدین کو یہ دیکھنے کے قابل بنائے گا کہ ان کے نوعمر بچے اس پلیٹ فارم پر کس کس کو فالو کر رہے ہیں؟ کون اُن کو فالو کر رہا ہے اور انہوں نے کس کو بلاک کر دیا ہے؟
اسی طرح 16 سال سے کم عمر بچوں کو رات 10 بجے کے بعد ٹک ٹاک پر ایک ’میڈیٹیشن‘ کا فنکشن پیش کیا جائے گا جس میں آرام دہ اور پرسکون رہنے کی مشقیں تجویز کی جائیں گی، اس کے ساتھ موسیقی بھی شامل ہوگی، صارف اس فیچر کو کسی بھی وقت بند کر سکتا ہے۔
واضح رہے کہ ٹک ٹاک کے مسابقتی سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'انسٹاگرام' نے کئی ماہ قبل ہی اسی طرح کا فیچر لانچ کردیا تھا۔