عمران خان کی اڈیالہ جیل سے پہلی تصویر منظرِ عام پر
عمران خان کا جیل سے پیغام
8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات سے محض ایک دن قبل پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی کے بانی چیئرمین عمران خان کی تصویر جاری کردی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ عمران خان کی جیل سے سامنے آنے والی پہلی تصویر ہے۔
جیل سے سامنے آنے والی اس تصویر میں عمران خان جیل میں قید سینیئر رہنما شاہ محمود قریشی کی بات سن رہے ہیں۔
عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ پر اس تصویر کیساتھ جیل سے پیغام بھی تحریر کیا گیاجس میں درج تھا کہ ’میرے پاکستانیو، مجھے آپ کی حقیقی آزادی کی جنگ لڑنے پر 24 سال کی سزا سنا دی گئی۔ مجھے اور پاکستان کو آپ کے بس 24 گھنٹے چاہئیں۔‘
پیغام میں کہا گیا کہ لوگوں کے زیادہ سے زیادہ ووٹ ڈلوائیں، پولنگ ایجنٹ کو فارم 45 ملنے تک پولنگ سٹیشن پر رکیں، اور پھر مکمل رزلٹ آنے تک ریٹرننگ افسر کے دفتر کے باہر پرامن طریقے سے بیٹھیں۔