الیکشن 2024، شوبز شخصیات بھی ووٹ دینے میں پیش پیش
پاکستان میں آج عوام کی ایک بڑی تعداد اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کیلئے نکل چکی ہے، عام عوام کی طرح شوبز انڈسٹری کی شخصیات پر بھی ووٹ کاسٹ کرنے کا جنون سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کئی ایک مشہور اداکاروں نے صبح صبح ہی اپنے پسندیدہ امیدوار کے انتخابی نشان پر مہر لگا دی ہے۔
فاطمہ آفندی:
اداکارہ فاطمہ آفندی نے شوہر و اداکار ارسلان کے ہمراہ اپنا ووٹ کاسٹ کرنے گئیں۔ جہاں دونوں نے قومی فریضہ سر انجام دینے کے بعد سوشل میڈیا پر سیاحی لگے انگوٹھے کیساتھ مسکراتے ہوئے تصویر پوسٹ کی۔ تصویر کے کیپشن میں فاطمہ نے یہ الفاظ تحریر کیے کہ 'ہم نے تو حق ادا کر دیا، آپ کب ووٹ کا حق ادا کریں گے'۔
ثناء فخر:
خوبصورت سینئر پاکستانی اداکارہ ثناء فخر نے بھی نہایت ہی پر اعتماد انداز میں سیاحی لگے انگوٹھے کیساتھ تصویر شہیئ کی اور لکھا کہ ' آپ کونسی جماعت کو ووٹ دیں گے'۔ مذکورہ تصویر میں اداکارہ ثناء کا چہرہ نظر نہیں آ رہا تھا کیونکہ انہوں نے ماسک لگا رکھا تھا۔
مریم نفیس:
چلبلی اداکارہ مریم نفیس نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا، پاکستان کی باگ دوڑ نیک اور صالح امیدوار کے ہاتھوں میں دینے کیلئے صبح سویرے مریم اپنے شوہر کے ہمراہ ووٹ کاسٹ کرنے پہنچیں۔
من پسند امیدوار کو ووٹ دینے کے بعد انہوں نے شوہر کے ہمراہ تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی۔
حمزہ علی عباسی:
ہینڈسم پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی نے ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد زیادہ تو کچھ نہیں کہا بس اپنی اور انگوٹھے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے'ووٹ' کا الفاظ تحریر کیا۔ البتہ الیکشن سے ایک رات قبل حمزہ علی عباسی نے اپنے مداحوں کیساتھ خصوصی پیغام شیئر کرتے ہوئے کہا تھا کہ' کل ضرور ووٹ کاسٹ کریں، اور آپ جو بھی امیدوار لگتا ہے کہ یہ پاکستان اور جمہوریت کیلئے اچھا ہے تو اسے ہی ووٹ دیں'۔
عثمان خالد بٹ:
چلبلے اداکار عثمان خالد بٹ نے ہنستے مسکراتے ہوئے ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد تصویر مداحوں کیساتھ شیئر کی ، یہی نہیں بلکہ مداحوں کو پیغام بھی دیا کہ پولنگ اسٹیشن کے اندر موبائل فون، ڈیجیٹل واچز اور کاغذ پر لکھا ہوا حلقہ نمبر، شماریاتی بلاک کوڈ وغیرہ بھی آپکو اندر لے جانے کی اجازت نہیں ، لہذٰا آپ سب ایسا کریں کہ اپنا شماریاتی بلاک کوڈ یاد کر کے جائیں۔