پاکستان

آرمی چیف کی کامیاب الیکشن پر قوم کو مبارکباد

Web Desk

آرمی چیف کی کامیاب الیکشن پر قوم کو مبارکباد

آرمی چیف کی کامیاب الیکشن پر قوم کو مبارکباد

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے عام انتخابات کے کامیاب انعقاد پر قوم کو مبارک باد پیش کر دی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے انتخابات کے انعقاد پر نگراں حکومت، الیکشن کمیشن اور سیاسی جماعتوں کو بھی مبارک باد دی۔

ترجمان کے مطابق آرمی چیف نے انتخابات میں تمام جیتنے والے امیدواروں کو مبارک باد بھی دی اور  کہا کہ 'عوام کی حقِ رائے دہی کے لیے آزادانہ شرکت جمہوریت کے لیے ان کے عزم کا ثبوت ہے، مشکلات کے باوجود محفوظ انتخابی ماحول بنانے پر قانون نافذ کرنے والے ادارے زیادہ تعریف کے مستحق ہیں'۔

جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ 'میڈیا، سول انتظامیہ اور عدلیہ کے ارکان کے تعمیری کردار نے قومی تاریخ کی سب سے بڑی انتخابی مشق کے کامیاب انعقاد کو ممکن بنایا۔ انتخابات اور جمہوریت پاکستان کے عوام کی خدمت کا ذریعہ ہیں۔ انتخابات جیتنے اور ہارنے کا معاملہ نہیں عوامی مینڈیٹ کے تعین کی مشق ہے'۔

آرمی چیف کے مطابق جمہوری قوتوں کی نمائندہ حکومت ملک کی متنوع سیاست کو قومی مقصد کے ساتھ بہتر طریقے سے پیش کرے گی۔ اس کے علاوہ پاکستان کی عوام نے آئینِ پاکستان پر اپنا مشترکہ اعتماد ظاہر کیا ہے، سیاسی جماعتیں سیاسی پختگی اور اتحاد کے ساتھ قوم کے اعتماد کا جواب دیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ '25 کروڑ آبادی والے ترقی پسند ملک کے لیے انتشار موزوں نہیں، خواہش ہے کہ یہ انتخابات سیاسی اور معاشی استحکام لائیں۔ دعا ہے یہ انتخابات پاکستان کے لیے امن اور خوشحالی لائیں'۔

تازہ ترین