وائرل اسٹوریز

’کھُل کے کھیل’، علی ظفر نے کمر کس لی

گلوکار نے پی ایس ایل 9 کے ترانے کی تیاری شروع کردی

Web Desk

’کھُل کے کھیل’، علی ظفر نے کمر کس لی

گلوکار نے پی ایس ایل 9 کے ترانے کی تیاری شروع کردی

پاکستانی گلوکار و اداکار علی ظفر نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کے آفیشل ترانے ’کھل کے کھیل’ کی تیاری کیلئے کمر کس لی۔

17 فروری سے شروع ہونے والا پی ایس ایل 9 کے ٹورنامنٹ کا آغاز  قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہو گا جبکہ افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

اس ٹورنامنٹ کیلئے جہاں شائقین کرکٹ پرجوش دکھائی دے رہے  ہیں وہیں گلوکار علی ظفر نے ترانے سے متعلق بڑی خبر سے آگاہ کرکے شائقین میں مزید جوش و لولہ پیدا کردیا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر علی ظفر نے ویڈیو جاری کی جس میں انہیں اپنے عملے کے ہمراہ دیکھا گیا۔

پرجوش انداز لیے گلوکار نے بڑی خبر سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ،’ٹھیک ہےاب کچھ دکھانے کا وقت آگیا ہے،ہم اپنے عملے کے ساتھ اس سال ایچ بی ایل پی ایس ایل کے ترانے "کھل کے کھیل" کا حصہ بننے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔’

علی ظفر نے اچھی امید ظاہر کرتے ہوئے مزید لکھا کہ،’مجھے لگتا ہے کہ یہ ترانہ تمام ریکارڈز کو مات دے گا۔’


خیال رہے کہ گلوکار علی ظفر نے 2015 پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن کا آفیشل ترانہ 2016 میں ’اب کھیل کے دکھا‘ گایا تھا، پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کا آفیشل ترانہ 2017 میں’اب کھیل جمے گا‘ گایا تھا جبکہ پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کا آفیشل ترانہ 2018 میں ’دل سے جان لگا دے‘ کو اپنی مسحور کن آواز میں پیش کیا۔

علی ظفر کی آواز میں پی ایس ایل کے اِن تمام ترانوں کو شائقین کرکٹ نے بےحد پسند کیا تھا۔

بعد ازاں چوتھے ایڈیشن میں فواد خان نے ’کھیل دیوانوں کا‘ میں اپنی آواز کا جادو جگایا، پانچویں پی ایس ایل کے آفیشل ترانے ‘تیار ہیں’ میں پاکستان کے چار نامور گلوکاروں علی عظمت، عارف لوہار، ہارون راشد اور عاصم اظہر نے آواز کا جادو جگایا۔

پی ایس ایل کے سیزن 6 کا ترانہ 'گروو میرا' آئمہ بیگ، نصیبو لال اور ایک ہپ پاپ بینڈ ینگ سٹنرز نے گایا تھا ۔

پاکستان کرکٹ کے سب سے بڑے میلے پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کے ترانے میں عاطف اسلم اور آئمہ بیگ نے اپنی آواز سے شائقین کرکٹ کو مسحور کیا۔

گزشتہ برس منعقد ہونے والے پی ایس ایل 8 کے آفیشل ترانے میں گلوکارہ شائے گل، عاصم اظہر اور فارس شفیع نے اپنی آواز کا جادو جگایا تھا۔

علی ظفر کے ترانوں کے بعد سے جتنے بھی ترانے پیش کیے گئے وہ شائقین کرکٹ کو زیادہ متاثر نہ کرسکے، وہ ہمیشہ علی ظفر کو ہی یاد کرتے دکھائی دیے۔

بعدازاں اب گلوکار علی ظفر ایک بار پھر پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن میں شامل ہوکر شائقین کو اپنا گرویدہ بنانے کو تیار ہوگئے۔

تازہ ترین