سحر مرزا کی شادی میں بالی وڈ ستاروں کی آمد
پاکستانی ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا کی بہن سحر مرزا کی شادی کی تقریب سے قبل منعقدہ ایک پارٹی میں بالی وڈ ستاروں نے رونق لگادی۔
ان دنوں جنت مرزا اپنی بڑی بہن سحر مرزا کی شادی کی تقریبات میں مصروف ہیں اور شادی سے قبل منعقدہ تقریبات کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا کی زینت بنا رہی ہیں۔
سحر مرزا کی پہلے ڈھولکی اور پھر دعائے خیر کا انعقاد کیا گیا جس کے بعد قوالی نائٹ کا اہتمام کیا گیا جس میں انکے عزیز و اقارب نے شرکت کی۔
قوالی نائٹ کے بعد 'بالی وڈ نائٹ' منعقد کی گئی جس کیلئے جنت مرزا نے 2007 میں ریلیز ہونے والی بالی وڈ فلم ' اوم شانتی اوم' میں دیپیکا پڈوکون کے کردار 'شانتی پریا' کا انتخاب کیا۔
جنت مرزا نے ’اوم شانتی اوم‘ کے ایوارڈ شو سین میں شانتی پریا کے پہنے گئے جوڑے سے مشابہت رکھتا لباس پہنا اور اپنی زلفوں کو بھی شانتی پریا کے ہیئر اسٹائل کی طرح جوڑے میں باندھا۔
جنت نے کار سے اترتے ہوئے شانتی کی طرح ہی ہاتھ ہلایا اور وہ پوری تقریب میں اس فلمی کردار کی نقل ہی کرتی رہیں۔
اس تقریب میں جنت مرزا کی بہن و ٹک ٹاک اسٹار علیشبہ انجم نے بالی وڈ فلم ’دیوداس‘ میں ایشوریا کا ادا کیا گیا کردار منتخب کرتے ہوئے ’پارو‘ بننے کی بھرپور کوشش کی۔
فلم ’دیوداس‘ میں ایشوریا رائے نے جس طرح ساڑھی پہن کر اپنے حسن کے جلوے بکھیرے تھے اسی طرح علیشبہ انجم نے بھی سرخ و نیلی ساڑھی پہنی اور فلم کے گانے ’سلسلہ یہ چاہت کا‘ میں دکھایا گیا دیا اپنے ہاتھ میں تھامے پوز دیتی دکھیں۔
اس تقریب میں ربیکا خان نے حسین ترین کے ساتھ بطور جوڑی شرکت کی۔ ربیکا فلم ’ہم آپ کے ہیں کون‘ کی ’نیشا چوہدری‘ بنی دکھیں تو حسین ترین غالباً اسی فلم میں سلمان خان کے ’پریم‘ والا لُک نقل کرنے کی کوشش کرتے دکھے۔
سحر کی تقریب میں سوشل میڈیا انفلوئنسر کین ڈول بھی شامل ہوئے لیکن انہوں نے کس فلمی کردار کی نقل کی یہ تاحال پتہ نہیں چل سکا ہے۔