’سلم ڈاگ ملینیئر‘ کی آفر کو خود ٹھکرایا، شاہ رخ خان
کنگ شاہ رخ خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں آسکر وننگ فلم ’سلم ڈاگ ملینیئر‘ میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی تھی اور انہوں نے انکار کر دیا تھا۔
شاہ رخ نے یہ انکشاف دبئی میں منعقدہ ورلڈ گورنمنٹ سمٹ 2024 کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں ہالی ووڈ میں کام کے دوران فلم کے برطانوی ہدایتکار ڈینی بوائل نے یہ پیشکش کی تھی۔
اتفاقی طور پر ان دنوں شاہ رخ خان بھارت میں کون بنے گا کروڑ پتی کی میزبانی کر رہے تھے۔
کنگ خان کے مطابق انہوں نے اس فلم کے ہدایتکار ڈینی بوائل کے ساتھ کافی وقت گزارا ہے، وہ بہت نفیس انسان ہیں، لیکن کیونکہ میں اس وقت بڑی کامیابی کے ساتھ ٹیلی ویژن پر کون بنے گا کروڑ پتی شو کر رہا تھا اس لیے انکار کر دیا۔
انہوں نے کہا جب مجھے اس کی اسٹوری بتائی گئی تو ایسا محسوس ہوا کہ جو شخص پروگرام کی میزبان ہے یہ کہانی اسی پر مبنی ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ کون بنے گا کروڑ پتی کے پروڈیوسرز نے اس فلم کے لیے میرے نام کی سفارش کی تھی لیکن میں نے اس لیے انکار کیا کہ فلم میں جو میزبان کا کردار تھا وہ ایک بے ایمان شخص کا تھا اور مجھے ایک دھوکے باز ہوسٹ بننا تھا۔
مجھے بڑی حیرت ہوئی کہ میں بطور کے بی سی میزبان اس فلم میں دھوکے بازی کا کردار کروں، یہ بات میں نے ڈینی بوائل کو بھی بتائی اور کہا کہ اس کام کے لیے میرے سے اچھے اداکار موجود ہیں جو کہ بعد میں انیل کپور نے بہت اچھے انداز میں کیا۔
اس کے علاوہ یاد رہے کہ اس انکشاف سے قبل شاہ رخ خان اس وقت خبروں کی زینت بنے جب گزشتہ دنوں یہ افواہ گردش کرنے لگی کہ بھارتی جاسوسںوں کو قطر سے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے رہائی دلوائی ہے۔
تاہم گزشتہ شام اداکار کی مینجر پوجا ڈاڈلانی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسٹار شاہ رخ خان کے دفتر سے جاری ہونے والا پیغام شیئر کرتے ہوئے تمام جھوٹے دعوؤں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔
شاہ رخ خان کی ٹیم مینیجر پوجا دادلانی کی جانب سے شیئر کئے گئے پیغام میں مزید یہ کہا کہ میڈیا میں جو خبریں گردش کر رہی ہیں کہ شاہ رخ خان نے 8 بھارتی نیول افسران کہ قطر سے رہائی میں مبینہ طور پر کردار ادا کیا ہے تو شاہ رخ خان کا اس معاملے میں مداخلت کی قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں۔
اور شاہ رخ بیشتر بھارتیوں کی طرح خوش ہیں کہ نیول افسران خیریت سے گھر واپس پہنچ گئے ہیں اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔


