فلم / ٹی وی

بھول بھلیا 3 کی مسٹری گرل 'ترپتی دمری' نکلیں

Web Desk

بھول بھلیا 3 کی مسٹری گرل 'ترپتی دمری' نکلیں

بھول بھلیا 3 کی مسٹری گرل ترپتی دمری نکلیں

بھارتی اداکار کارتک آریان نے اپنی جلد ریلیز ہونے والی فلم 'بھول بھلیا 3' میں ساتھ کاسٹ ہونے والی اداکارہ کی فقط مسکراہٹ دکھا کر بالی وڈ متوالوں کو کشمکش میں مبتلا کردیا۔

سال 2007 میں  معروف ہدایتکار پریہ درشن نے فلم 'بھول بھلیا' کو سنیما گھروں کی زینت بنایا جس میں اکشے کمار ،ودیا بالن، امیشا پٹیل اور شائنی آہوجا کو کاسٹ کیا گیا۔

ریلیز کے سال یہ فلم بڑے بجٹ والی فلموں سے ٹکرائی لیکن کم بجٹ ہونے کے باوجود یہ فلم باکس آفس پر سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر رہی۔

فلم کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے 15 سال بعد 2022 میں 'بھول بھلیا 2' ریلیز کی گئی جس میں کارتک آریان، تبو اور کیارا اڈوانی کو کاسٹ کیا گیا یہ فلم بھی باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئی تاہم اب فلم کا تیسرا سیکوئل شوٹنگ کے مرحلے میں ہے۔

اگرچہ 'بھول بھلیا 3' میں مرکزی کردار نبھانے کیلئے کرتک آریان کا انتخاب سال 2023 میں ہی کرلیا گیا تھا لیکن فلم میں ان کے مدِ مقابل کونسی اداکارہ دکھیں گی اس کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا تھا۔

اب اس راز پر سے پردہ ہٹاتے ہوئے کارتک آریان نے کچھ نہ بتاتے ہوئے سب بتادیا ہے۔ دراصل کارتک آریان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک تصویر جاری کی ہے جس میں ایک پزل پیس دیکھا جاسکتا ہے۔

مذکورہ پزل پر ایک حسینہ کی مسکراہٹ دیکھی جاسکتی ہے جبکہ پزل کے دیگر ٹکڑے غائب ہیں جس کے سبب یہ حسینہ کون ہیں واضح نہیں ہورہا۔

علاوہ ازیں اس تصویر میں ٹیبل پر ایک چابی، تالا ، چھ جلتی ہوئی موم بتیاں، لالٹین اور ایک کتاب رکھی ہوئی ہے جس پر لکھا ہے ' گلشن کمار اور ٹی سیریز کی پیشکش بھول بھلیا 3'۔

کارتک آریان نے اپنی اس پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ' حل کیجیے اس بھول بھلیا کو۔ بھول بھلیا تھری کی مسٹری گرل'۔

کارتک آریان نے اپنی فلمی ہیروئن کو پہچاننے کا کام سوشل میڈیا صارفین پرچھوڑ دیا ہے اور اسی سبب اس پوسٹ کے کمنٹ سیکشن میں بالی وڈ متوالوں کا ہجوم لگا ہوا ہے جو اس بھول بھلیا کو چٹکی میں حل کرتے نظر آئے۔

سب ہی اداکارہ کی مسکراہٹ سے ان کو پہچان چکے ہیں  اور کمنٹ سیکشن میں 'ترپتی دمری' لکھتے دکھ رہے ہیں۔

اس کے بعد کارتک نے ایک اور پوسٹ جاری کی جس میں مسکراہٹ کی جگہ پزل کا وہ حصہ دیکھا جاسکتا ہے جس میں قاتل حسینہ کی آنکھیں نظر آرہی ہیں اور اس کو دیکھنے کے بعد تمام شک و شبہات ختم ہوگئے۔

اس پوسٹ کے کپشن میں کارتک نے مزاح کا راستہ اختیار کرتے ہوئے لکھا کہ ' سب غلط غلط جواب دے رہے ہیں اب پھر سے کوشش کریں'۔

بعض سوشل میڈیا صارفین آنکھیں دیکھ کر اس حسینہ کو اداکارہ تارا سوتاریا بھی کہتے نظر آرہے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترپتی دمری کو 'عاشقی 3' میں بھی کاسٹ کرلیا گیا ہے اور وہ اس فلم میں بھی کارتک آریان کے ساتھ جلوہ گر ہونگی۔

واضح رہے کہ ترپتی دمری 'لیلا مجنوں' اور 'بلبل' جیسی فلموں میں اپنی بہترین اداکاری کے جوہر دکھاچکی ہیں لیکن ان کو شہرت کے آسمان پر پہنچانے والی فلم ' انیمل' ثابت ہوئی جو سال 2023 میں ریلیز ہوئی اور ترپتی کو بھارت میں 'نیشنل کرش' کا ٹائٹل دلوا گئی۔

تازہ ترین