خواتین کیلئے نیند کیوں ضروری ہے؟
بیڈروم میں فلور لیمپ یا ٹیبل لیمپ ضرور رکھیں
کئی خواتین ایسی ہیں جنہیں یہ شکایت رہتی ہے کہ رات بھر انہیں پُرسکون نیند نہیں آتی۔ وہ بستر پر کروٹیں بدلتی رہتی ہیں، لیکن نیند ان سے کوسو ں دور رہتی ہے۔ ایسا کیوں ہوتا ہے؟ اس سوال کے جواب میں ماہرین کہتے ہیں کہ اکثر بیڈ روم کی وجہ سے لوگوں کی نیند خراب ہوتی ہے۔ یعنی کہ بیڈروم میں موجود چیزیں ان کی نیند بھگانے کا سبب بن رہی ہوتی ہیں۔ وہ چیزیں یا وجوہات جن کی وجہ سے اکثر خواتین کی نیند ان سے روٹھ جاتی ہے، وہ مندرجہ ذیل ہیں۔
ایک انڈین ڈیزائنر، کنال مہتا(Kunal Mehta) کا کہنا ہے کہ سونے کا کمرا انسان کی اپنی پسند کے مطابق ہونا چاہئے، تاہم بیڈروم میں دبیز قالین اور کشنز موجود ہونے چاہئیں۔ ساتھ ہی کمرے کو گرم اور آرام دہ بھی ہونا چاہئے۔ کنال کا کہنا ہے کہ سونے کے کمرے میں نیلے، ہرے اور گرے رنگوں کا استعمال کریں، کمرے کی دیواروں پر ان رنگوں کا پینٹ کروایا جائے تو کمرے کا ماحول سونے کے حساب سے بہترین بن جاتا ہے۔ ان شیڈز کی وجہ سے نیند پر مثبت اثر پڑتا ہے۔
یہ رنگ جہاں کمرے کے ماحول کو پُرسکون بناتے ہیں، وہیں یہ کمرے میں مثبت انرجی بھی فراہم کرتے ہیں، جس سے انسان کی شخصیت اور ذہن پر اچھا اثر پڑتا ہے۔ کنال کا یہ بھی کہنا ہے کہ بیڈروم کی روشنی بھی انسان کی نیند پر اہم اور اچھا اثر ڈالتی ہے۔
بیڈروم میں فلور لیمپ یا ٹیبل لیمپ ضرور رکھیں، ان کی دھیمی روشنی بھی انسان کے ذہن سے تھکن اور پریشانیوں کو دور کرنے کا باعث بنتی ہے، پُرسکون ماحول کی وجہ سے نیند بھی پھر اچھی آتی ہے۔
میٹرس:اگر بیڈروم میں میٹرس اچھا نہ ہو، گدا زیادہ سخت ہو یا زیادہ نرم ہو، دونوں وجوہات کی بناء پر بھی نیند آنکھوں سے کوسوں دور رہتی ہے۔ میٹرس کا آرام دہ ہونا بہت ضروری ہے، اگر خواتین کو میٹرس آرام دہ نہیں لگتا اور اسی کی بدولت ان کی کئی راتوں کی نیند خراب ہوچکی ہے تو انہیں چاہیے کہ وہ اب میٹرس کو تبدیل کرنے کی طرف غور کریں۔ کئی خواتین کو یہ شکایت بھی ہوگی کہ وہ رات کو ٹھیک سوئی تھیں لیکن جب صبح اٹھیں تو ان کے کندھے اور کمر میں بہت درد تھا۔ اس مسئلے کی بھی ایک اہم وجہ میٹرس کا آرام دہ نہ ہونا ہے۔
اندھیراہو: عموماً لوگوں کو اندھیرے میں نیند اچھی آتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر بیڈ روم ڈارک ہو تو اس سے بھی نیند جلدی آجاتی ہے۔
جدید ڈیوائسز کی موجودگی:زیادہ تر جدید ڈیوائسز یعنی ڈیجیٹل کلاک، ٹی وی اور موبائل فونز وغیرہ کی کمرے میں موجودگی بھی نیند کو اُڑا دیتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ جدید ڈیوائسز انسان کی نیند کو خراب کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہیں، آج کل جو لوگ نیند کی کمی کا رونا روتے ہیں، اس کی سب سے بڑی وجہ رات کو سونے سے قبل ان ڈیوائسز کا استعمال ہے۔
آوازیں:وہ خواتین جن کو رات میں پُرسکون نیند نہیں آتی، تو یہ بھی ہوسکتا ہے کہ ان کے کمرے میں کچھ چیزیں ایسی موجود ہوں، جن کی آواز انہیں سونے نہیں دیتی۔ مثلاً اگر ان کے کمرے کا پنکھا آواز کرتا ہے یا ان کے کمرے کے ایئرکنڈیشنز سے آوازیں آتی ہیں، تو ہوسکتا ہے یہی آوازیں ان کی نیند خراب کرنے کا باعث بن رہی ہوں۔ کئی خواتین ایسی ہوں گی، جنہیں سوتے وقت خاموشی درکار ہوتی ہے، اب اگر اس طرح کی آوازیں ان کے کمرے میں موجود چیزوں سے مستقل آرہی ہوں تو یقیناً پھر انہیں نیند بھی نہیں آئے گی، لہٰذا انہیں چاہیے کہ وہ فوراً ان چیزوں کو ٹھیک کروانے کا بندوبست کرلیں۔
گرمی/ سردی: اگر کمرا زیادہ گرم ہوجائے یا گرمیوں میں کمرا بہت ہی گرم رہتا ہو تو بھی انسان کی نیند خراب ہوتی ہے۔ عموماً زیادہ گرمی کی وجہ سے بھی نیند نہیں آتی۔ اسی طرح اگر کمرا زیادہ ٹھنڈا ہو تب بھی انسان کو ٹھنڈ لگنے کی وجہ سے نیند نہیں آتی، دونوں صورتوں میں ضروری ہے کہ کمرے کا درجہ حرارت درمیانی رکھیں۔ خیال رکھیں کہ کمرا زیادہ گرم ہو اور نا ہی زیادہ ٹھنڈا ہو۔
انڈور پلانٹس:ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ہرے پودے کمرے میں رکھے جائیں تو وہ کمرے کی فضا کو صاف رکھتے ہیں۔ کوشش کریں کہ چھوٹے پودے بیڈروم میں موجود کسی ٹیبل پر ضرور رکھیں۔ ان پودوں کی کمرے میں موجودگی کی وجہ سے جہاں آب و ہوا صاف رہتی ہے وہیں سانس لینے میں دشواری نہیں ہوتی۔ کمرے میں بند کھڑکیوں اور دروازوں کی وجہ سے گھٹن ہوجاتی ہے، ایسے وقت میں یہ انڈور ہرے پلانٹس کمرے کی آب و ہوا کو صاف کرنے کا باعث بن رہے ہوتے ہیں۔
خوشبو: ماہرین کا کہنا ہے کہ مختلف طرح کی خوشبوؤں کو اگر کمرے میں رکھا جائے تب بھی اچھی نیند آتی ہے۔ لیونڈر یا ونیلا کی خوشبو نیند لانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اس لئے اگر ان دونوں طرح کی خوشبوؤں سے اگر بیڈ روم کو معطر رکھا جائے تو بہت اچھی نیند آتی ہے۔ ایئر فریشنرز یا پرفیومز کا کمرے میں اسپرے کرنے سے حتی الامکان گریز کریں۔ اس کے بدلے خوشبو والے تیل(Essential oil)، جیسے لیونڈر یا چنبیلی کے تیل کو کمرے میں رکھا جائے تو اس سے ذہنی تھکن دور ہوتی ہے، کمرا بھی خوشبودار رہتا ہے، ماحول معطر رہتا ہے اور پُرسکون نیند آتی ہے۔
-
انفوٹینمنٹ 34 منٹ پہلے
'یار کی شادی'، کبریٰ اور گوہر رشید کی شادی کا ایک اور اشارہ
-
انفوٹینمنٹ 57 منٹ پہلے
کینسر نے حنا خان کے کیرئیر پر کتنا اثر ڈالا؟
-
فلم / ٹی وی 10 گھنٹے پہلے
شاہد کپور کی 5 بہترین فلمیں جو آپ کو ضرور دیکھنی چاہئیں
-
عالمی منظر 11 گھنٹے پہلے
ٹرمپ نے حلف اٹھاتے ہی ہم جنس پرستوں پر بجلیاں گرادیں