انفوٹینمنٹ

انور مقصود کے فنی سفر کا آغاز کب اور کیسے ہوا؟

Web Desk

انور مقصود کے فنی سفر کا آغاز کب اور کیسے ہوا؟

انور مقصود کے فنی سفر کا آغاز کب اور کیسے ہوا؟

7 ستمبر1935 ءکو ریاست حیدرآباد میں پیدا ہونے والے انورمقصود حمیدی المعروف انورمقصود کا نام آج بھی کامیاب ترین شستہ اور بہترین مزاح لکھنے والوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

انہوں نے اپنی عملی زندگی کا آغاز بطور نوجوان مصور کیا اور 1958ء میں ان کی پہلی تصویری نمائش منعقد ہوئی تھی۔ مصوری میں بھی اعلیٰ مقام حاصل کیا ہے۔

ان کا پہلا شوق ہی مصوری ہے اور آج بھی روزانہ باقاعدگی سے پینٹنگ کرتے ہیں۔ یہ بات بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ انہوں نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز ڈراما نگاری یا شاعری سے نہیں بلکہ اداکاری سے کیا تھا، لیکن پھر چند ہی برسوں بعد وہ اداکاری کم کرکے ڈراما نگاری، میزبانی اور گیت نگاری کی طرف آئے اور تقریباً چھ دہائیوں سے وہ اپنی تحریروں اور مزاح سے لوگوں کو محظوظ کررہے ہیں۔ 

ایک انٹرویو میں انہوں نے اپنے فنی کرئیر کے آغاز کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ 'میں نے اپنے فنی سفر کا آغاز بطور اداکار کیا، میں پی ٹی وی کے پہلے لانگ پلے کا ہیرو تھا۔ ضیا محی الدین میرے ساتھ شطرنج کھیلتے تھے۔ دورانِ گفتگو میں برجستہ جملہ ادا کرتا تو وہ ہنس پڑتے۔ 

انہوں نے بتایا کہ 'ایک دن ضیا محی الدین کہنے لگے، اچھی باتیں کرتے ہو، تم لکھا کرو۔ ایک دن شعیب منصور اور ارشد محمود میرے پاس آئے اور کہنے لگے کہ ایک مزاحیہ اسکرپٹ لکھ دو، میں نے لکھ دیا جو ففٹی ففٹی کے نام سے آن ایئر ہوا، تو پروگرام ہِٹ ہوگیا، پھر میں نے ’’شوشا‘‘ لکھا اور اس میں سنجیدہ اداکاروں سے مزاحیہ اداکاری کروائی۔

انہوں نے کہا کہ 1967 ء میں پاکستان ٹیلی ویژن کا پہلا لانگ پلے لکھا، جس کا نام ’مہمان‘ تھا، اس کے بعد ضیا محی الدین کے ساتھ ایک پروگرام ’ضیاء کے ساتھ‘ کیا۔ بنیادی طور پر یہ پروگرام ادیبوں کے حوالے سے تھا۔ اس کے بعد 'ففٹی ففٹی' لکھا۔ ہاں یہ کہہ سکتے ہیں کہ ففٹی ففٹی نے مجھے شہرت بخشی۔‘