وائرل اسٹوریز

عربی خطاطی تنازع، علی گُل پیر کی مزاحیہ ویڈیو وائرل

' زبان اور ایمان کا فرق سمجھیں، حلوہ دیکھ کر پاگل نہ ہوجائیں'۔

Web Desk

عربی خطاطی تنازع، علی گُل پیر کی مزاحیہ ویڈیو وائرل

' زبان اور ایمان کا فرق سمجھیں، حلوہ دیکھ کر پاگل نہ ہوجائیں'۔

پاکستانی کامیڈین اور گلوکار علی گل پیر نے عربی خطاطی کے سبب ہونے والی غلط فہمی کے حوالے سے ایک مزاحیہ ویڈیو جاری کر کے سب کی توجہ حاصل کرلی۔

علی گل پیر جو اکثر و بیشتر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مزاحیہ ویڈیوز شئیر کرتے رہتے ہیں، انہوں نے اپنے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو جاری کی جس میں وہ عربی اور غیر عربی کے کردار نبھاتے نظر آرہے ہیں۔

یہ ویڈیو علی گُل پیر نے 25 فروری کو صوبۂ پنجاب کے شہر لاہور کی اچھرہ مارکیٹ میں  خاتون کے عربی خطاطی پرنٹ شدہ لباس کے سبب پیش آنے والے واقع پر بنائی ہے۔

خیال رہے کہ ہراسگی کا شکار ہونے والی خاتون نے اچھرہ مارکیٹ میں شاپنگ کے دوران کویتی لباس پہن رکھا تھا اور اس پر پرنٹ شدہ شک میں ڈالنے والی خطاطی نے ہجوم کو مشتعل کردیا بعدازاں اے ایس پی گلبرگ سیدہ شہربانو نقوی نے بروقت کاروائی کر کے خاتون کو حفاظتی تحویل میں لے لیا تھا۔

علی گُل پیر اپنی ویڈیو میں عربی بن کر عربی زبان میں کچھ بول رہے ہیں جس پر عربی نہ سمجھنے والا شکریہ آمین کہہ رہا ہے لیکن عربی شخص کی جانب سے بولے جانے والے الفاظ کوئی تعریفی کلمات یا دعا نہیں بلکہ گالیاں ہیں۔

اس بات کا انکشاف علی گُل پیر نے ویڈیو میں عربی میں بولے جانے والے الفاظ کے ساتھ لکھے گئے ترجمے سے کیا اور پھر ویڈیو کے آخر میں یہ پیغام دیا کہ 'وہ آپ کو عربی میں گالیاں دے رہا اور آپ آمین کہتے رہے گئے، عربی ایک زبان ہے جو دنیا میں تقریباً  ساڑھے چار کروڑ لوگ بولتے ہیں'۔

انہوں نے مزید کہا کہ ' زبان اور ایمان کا فرق سمجھیں، حلوہ دیکھ کر پاگل نہ ہوجائیں'۔

تازہ ترین