تاپسی پنو کی شادی، دولہا کون؟
جوڑی گزشتہ 10 سال سے محبت کے رشتے میں بندھی ہوئی ہے
بالی وڈ فلم 'ڈنکی' میں شاہ رخ خان کے مدِ مقابل جلوہ گر ہونے والی اداکارہ تاپسی پنو کی شادی کی تفصیلات منظرِ عام پر آگئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تاپسی پنو بیڈمنٹن کھلاڑی میتھیاس بو سے شادی کرنے والی ہیں۔
شادی کے بندھن میں بندھنے والی یہ جوڑی گزشتہ 10 سال سے محبت کے رشتے میں بندھی ہوئی ہے اور بالآخر اب دونوں شادی کے فیصلہ لے چکے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق تاپسی اور میتھیاس مارچ 2024 کے آخری ہفتے میں شادی کرنے جارہے ہیں اور شادی کی تقریب میں صرف عزیز و اقارب مدعو کیے گئے ہیں تاہم بالی وڈ سیلیبریٹیز اس شادی میں نظر نہیں آئیں گے۔
شادی کی یہ تقریب بھارتی ریاست راجھستان کے شہر ادے پور میں منعقد کی جائیگی جو ممکنہ طور پر سکھ اور عیسائی مذہب میں ہونے والی شادی کا فیوجن ہوگی۔
خیال رہے کہ تاپسی نے میتھیاس سے اپنی محبت کو چھپایا نہیں بلکہ ماضی میں وہ اپنے چند انٹرویوز میں میتھیاس کے حوالے سے بات کر چکی ہیں۔
تاپسی نے سال 2023 میں ایک انٹرویو میں اپنی شادی کے متعلق بھی بات کی تھی اور انہوں نے کہا تھا کہ ' وہ ایک دن پر مشتمل شادی چاہتی ہیں جس میں کوئی ڈراما نہ ہو کیوں کہ ان کی اپنی پروفیشنل زندگی میں پہلے ہی بہت ڈراما ہے'۔
واضح رہے کہ تاپسی پنو بالی وڈ کے متعدد سپر اسٹارز کے ساتھ کام کرچکی ہیں جن میں شاہ رخ خان اور امیتابھ بچن شامل ہیں۔