وائرل اسٹوریز

ویڈیو، ایوان میں خطاب ، وزیراعظم شہباز شریف بڑی غلطی کر گئے

Web Desk

ویڈیو، ایوان میں خطاب ، وزیراعظم شہباز شریف بڑی غلطی کر گئے

 پاکستان کے نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف منتخب ہونے کے بعد ایوان میں کیے گئے خطاب میں بڑی غلطی کر بیٹھے۔

شہباز شریف نے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد قومی اسمبلی سے اپنے خطاب کے دوران غلطی سے خود کو ’قائد ایوان‘ کے بجائے ’قائد حزب اختلاف‘ کہہ  دیا۔

اس سے قبل سال 2022 میں جب ایوان صدر میں جب شہباز شریف نے ملک کے 23ویں وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھا یا تو اس وقت بھی غلطی کر بیٹھے تھے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے شہباز شریف سے ان کے عہدے کا حلف لیا تھا، اپنے عہدے کا حلف لیتے ہوئے شہباز شریف نے آئین کے ساتھ ’قانون‘ نہیں پڑھاتھا  ۔

عہدے کا حلف اُٹھانے کے دوران شہباز شریف نے جلد بازی میں آئین و قانون کی جگہ صرف آئین پڑھا اور قانون چھوڑ دیا۔ غلطی ہونے پر قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے دوبارہ دہرا کر پڑھایا۔

خیال رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ایک بج کر 45 منٹ پر وزیراعظم کے انتخاب کے نتیجے کا اعلان کیا اور بتایا کہ وزیراعظم کے امیدوار شہباز شریف نے 201 ووٹ جبکہ عمر ایوب نے 92 ووٹ حاصل کیے ہیں۔ 

شہباز شریف نے سب سے پہلے نواز شریف، پھر خواجہ آصف، پھر آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری، اس کے بعد خالد مقبول صدیقی سمیت دیگر اتحادیوں کی نشستوں پر جا کر مصافحہ کیا اور ووٹ دینے پر شکریہ ادا کیا۔ ساتھ ہی اسپیکر نے شہباز شریف کو وزیراعظم کی نشست پر براجمان ہونے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی تقریر کا آغاز کیا تو سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے ایک مرتبہ پھر سے وزیراعظم کی نشست کا گھیراؤ کیا اور بھرپور نعرے بازی کی۔ اس دوران لیگی ارکان بھی ایک مرتبہ پھر شہباز شریف کے دفاع کے لیے میدان میں آ گئے۔ 

لیگی ارکان نے گھڑیاں بلند کیں جبکہ سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے شو پالش اور جوتے صاف کرنے والا برش بلند کیا۔ وزیراعظم کی تقریر کے دوران چور چور کے نعرے لگائے جاتے رہے۔ عمر ایوب اور بیرسٹر گوہر احتجاج کرنے والوں میں شامل نہیں ہوئے۔

 اسپیکر ایاز صادق نے ایوان میں امن برقرار رکھنے کے لیے سارجنٹ ایٹ آرمز کو طلب کر لیا۔

تازہ ترین