خاتون روبوٹ ٹیچر متعارف
بھارت کے ایک اسکول میں تدریس کے عمل کو ایک نئی شکل دینے کے لیے اے آئی (مصنوعی ذہانت) خاتون استاد متعارف کروادی گئی۔
بھارتی ریاست کیرالا کے شہر تھروننتھمپورم میں متعارف کروائی جانے والی آئرس نامی اس اے آئی روبوٹ خاتون استاد کو میکرلیبز ایجوٹیک کی شراکت سے بنایا گیا ہے اور ممکنہ طور پر اس ریاست اور پورے ملک میں پہلا انسان نما روبوٹ استاد ہے۔
مصنوعی ذہانت پر مبنی یہ اختراع لادووایل تھنگل چیریٹیبل ٹرسٹ کے ایک منصوبے کے ٹی سی ٹی ہائیر سیکنڈری اسکول میں متعارف کرایا گیا ہے۔ آئرس اٹل ٹِنکرنگ لیب پروجیکٹ کا حصہ ہے۔ یہ پروجیکٹ 2021 میں این آئی ٹی آئی آیوگ کی جانب سے پیش کیا گیا تھا جس کا مقصد اسکولوں میں غیر نصابی سرگرمیوں کو آگے بڑھانا تھا۔
میکرلیبز کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی ویڈیو میں مختلف زبانیں بولنے والی اس اے آئی استاد کی صلاحیتوں کو دِکھایا گیا ہے۔
آئرس مختلف مضامین سے متعلقہ پیچیدہ سوالات کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، اس کے علاوہ اس میں وائس اسسٹنس (ایسا سافٹ ویئر جو آواز سن کر امور انجام دیتا ہے) اور انٹریکٹیو لرننگ ایکسپیرئنس کی خصوصیات شامل ہے جبکہ ایک جگہ سے دوسری جگہ حرکت کے لیے آئرس میں پہیے بھی لگائے گئے ہیں۔