آصفہ کے اس سبز جوڑے کا ڈیزائنر کون؟ قیمت کیا؟
انہوں نے سلک کا سبز کُرتا اور میچنگ ٹراؤزر زیب تن کیا
پاکستان کے نومنتخب صدر آصف علی زرداری کی حلف برداری کی تقریب میں انکی صاحبزادی و خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری کا لباس سب کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے صدر آصف علی زرداری نے بطور صدرِ مملکت اپنی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری کو خاتونِ اوّل بنانےکا فیصلہ لیا گیا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری جلد ہی باضابطہ طور پر آصفہ بھٹوز رداری کو خاتون اول بنانے کا اعلان کریں گے۔
خیال رہے کہ تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہونے جارہا ہے کہ خاتونِ اول کا درجہ صدر کی بیٹی کو دیا جائیگا ورنہ یہ اعزاز صدر کی اہلیہ کے لیے مختص ہے۔
10 مارچ 2024 کو ایوان صدر میں حلف برداری کی تقریب میں بھی آصفہ اپنے والد کے ہمراہ ان کے بازو میں اپنا بازو ڈال کر چل رہی تھیں اور اس لمحے کی تصویر بختاور بھٹو نے سوشل میڈیا پر جاری کر کے انہیں ٹیگ بھی کیا۔
آصفہ بھٹو اپنے والد کے بے حد قریب ہیں اور اس کا ثبوت آصف علی زرداری نے حلف برداری کی تقریب میں ان کے ہمراہ شرکت کرکے دیا جبکہ خاتونِ اول جیسے خاص منصب کیلئے بھی آصفہ کا ہی انتخاب کیا۔
آصفہ والدکی سزائے قید کے دنوں میں اور عدالتوں میں پیشی کے وقت بھی آصف علی زرداری کے ساتھ ہی نظر آئیں۔
سوشل میڈیا پر حلف برداری میں والد اور دختر کی ایک ساتھ شرکت کی تصاویر اور ویڈیوز کو عوام کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا اور متعدد صارفین آصفہ کو 'جونیئر بےنظیر بھٹو' بھی کہتے نظر آئے۔
اس خاص موقع پر جہاں آصف علی زرداری سفید شرٹ کیساتھ سیاہ کوٹ پینٹس پہنے نظر آئے وہیں آصفہ بھٹو کا دلکش لُک بھی سب کی توجہ کا مرکز بنا۔
انہوں نے اس تقریب میں سلک کا سبز کُرتا اور میچنگ ٹراؤزر زیب تن کیا جبکہ والدہ کے انداز میں ہی سفید اسکارف سر پر اوڑھا۔
آصفہ بھٹو زرداری کا یہ جوڑا پاکستان کی معروف ڈیزائنر 'ثانیہ مسکتیا' کا شاہکار ہے جو کسٹمائز نہیں بلکہ اس کلاتھنگ برانڈ کی آفیشل ویب سائٹ پر بھی یہ جوڑا دیکھا جاسکتا ہے۔
ویب سائٹ پر اس جوڑے کی قیمت 29 ہزار 500 روپے درج ہے جبکہ کپڑے کے متعلق بھی تمام تفصیلات دیکھی جاسکتی ہیں۔
یہ حسین جوڑا را سلک سے تیار کیا گیا ہے جس پر پھول بوٹے کا پرنٹ ہے۔ کُرتے کی آستین اے لائن ہیں جبکہ گلا کالر اسٹائل ہے۔
آصفہ بھٹو کی زندگی پر ایک نظر:
آصفہ بھٹو زرداری 3 فروری 1993 کو پاکستان کی بڑی سیاسی جماعت پیپلز پارٹی کے سیاسی گھرانے میں پیدا ہوئیں۔
وہ پاکستان کی سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو شہید اور پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری کی سب سے چھوٹی بیٹی ہیں۔
بے نظیر سے محبت کرنے والے ان کے جیالے آصفہ میں والدہ کی جھلک دیکھتے ہیں اور اسی سبب ان کو لوگوں کی محبت پہلے سے ہی حاصل ہے۔
اگرچہ آصفہ گزشتہ چندسالوں سے سیاسی مہموں کا حصہ بنتی رہی ہیں لیکن وہ خود بطور لیڈر سامنے آنے کے بجائے بڑے بھائی بلاول بھٹو کو سپورٹ کرتی نظر آرہی ہیں۔
رواں سال بھی 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے آصفہ بھٹو نے پیپلزپارٹی کے لیے ملک گیر انتخابی مہم چلائی اور اپنے بھائی بلاول بھٹو زرداری کا بھرپور ساتھ دیا۔
آصفہ بھٹو ، بلاول بھٹو زرداری اور بختاور بھٹو زرداری کی چھوٹی بہن ہیں، وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذو الفقار علی بھٹو اور ایرانی نژاد نصرت بھٹو کی نواسی اور شاہنواز بھٹو اور مرتضیٰ بھٹو کی بھانجی ہیں۔




