پاکستان

پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صدر کی بیٹی 'خاتونِ اوّل'

آصفہ زرداری کو 'خاتونِ اوّل' بنانے کا تاریخ ساز فیصلہ

Web Desk

پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صدر کی بیٹی 'خاتونِ اوّل'

آصفہ زرداری کو 'خاتونِ اوّل' بنانے کا تاریخ ساز فیصلہ

پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صدر کی بیٹی خاتونِ اوّل

پاکستان پیپلزپارٹی کے صدر آصف علی زرداری نے بطور صدرِ مملکت اپنی سب سے چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری کو خاتونِ اوّل بنانےکا فیصلہ لے لیا۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری جلد ہی باضابطہ طور پر آصفہ بھٹو زرداری کو خاتون اول بنانے کا اعلان کریں گے جو ایک تاریخی فیصلہ ہوگا۔

عام طور پر خاتونِ اول کا خطاب صدرِ مملکت کی اہلیہ کو دیا جاتا ہے اور پاکستان کی تاریخ میں بھی ہمیشہ ایسا ہی ہوتا چلا آیا ہے لیکن آصف علی زرداری کا نام صدر کے طور پر سامنے آنے پر یہ سوال زیرِ گردش تھا کہ اس حکومت میں خاتونِ اول کون ہونگی۔

اگرچہ سابق وزیرِ اعظم بے نظیر بھٹو حیات ہوتیں تو یہ اعزاز انہیں حاصل ہوتا لیکن صدرِ مملکت کی اہلیہ نہ ہونے کے سبب انہوں نے اپنی بیٹی آصفہ کو اس اعزاز سے نوازنے کا فیصلہ لیا ہے۔

9 مارچ کو صدارتی انتخابات میں آصف علی زرداری نے 411 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدِمقابل سنی اتحاد کونسل کے نامزد کردہ امیدوار محمود خان اچکزئی کو 180 الیکٹورل ووٹ ملے۔

231 ووٹس کی واضح برتری کے نتیجے میں آصف علی زرداری صدر کے منصب پر فائز ہونے کے اہل قرار پائے جس کی حلف برداری کی تقریب کا انعقاد اگلے روز کیا گیا۔

10 مارچ کو حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی جس میں وزیر اعظم شہباز شریف، سابق صدر عارف علوی، قائد ن لیگ نوازشریف، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق ، بلاول بھٹو، بختاور بھٹو،آصفہ بھٹو زرداری شریک ہوئے۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے نو منتخب صدر آصف علی زرداری سے انگریزی زبان میں حلف لیا۔

حلف برداری کی تقریب میں بھی آصفہ نے اپنے والد کے ہمراہ شرکت کی اور  ان کے بازو میں اپنا بازو ڈال کر چلتی ہوئی نظر آئیں۔

آصفہ بھٹو اپنے والد کے بے حد قریب ہیں اور اس کا ثبوت آصف علی زرداری نے حلف برداری کی تقریب میں ان کے ہمراہ شرکت کرکے دیا جبکہ خاتونِ اول جیسے خاص منصب کیلئے بھی آصفہ کا ہی انتخاب کیا۔

آصفہ بھٹو زرداری 3 فروری 1993 کو پاکستان کی بڑی سیاسی جماعت پیپلز پارٹی کے سیاسی گھرانے میں پیدا ہوئیں۔

وہ پاکستان کی سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو شہید اور پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری کی سب سے چھوٹی بیٹی ہیں۔

بے نظیر سے محبت کرنے والے ان کے جیالے آصفہ میں والدہ کی جھلک دیکھتے ہیں اور اسی سبب ان کو لوگوں کی محبت پہلے سے ہی حاصل ہے۔

اگرچہ آصفہ گزشتہ چندسالوں سے سیاسی مہموں کا حصہ بنتی رہی ہیں لیکن وہ خود بطور لیڈر سامنے آنے کے بجائے بڑے بھائی بلاول بھٹو کو سپورٹ کرتی نظر آرہی ہیں۔