ہالی ووڈ

ہالی وڈ ستاروں کا آسکر میں اسرائیل مخالف احتجاج

Web Desk

ہالی وڈ ستاروں کا آسکر میں اسرائیل مخالف احتجاج

ہالی وڈ ستاروں کا آسکر میں اسرائیل مخالف احتجاج

دنیا کے بہترین فلمی ایوارڈز آسکر کی تقریب میں ہالی وڈ اسٹارز نے غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج ریکارڈ کروادیا۔

کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں آسکر ایوارڈ کی تقریب 10 مارچ کو شروع ہوئی جہاں فلمی ستاروں نے جلوے بکھیرے اور 96 ویں اکیڈمی ایوارڈز کے فاتحین کا اعلان کیا گیا۔

اس تقریب میں 2023 میں ریلیز ہونے والی فلمیں فتح کی امید کے ساتھ میدان میں اتریں لیکن ان تمام بلاک بسٹر فلمز میں 'اوپن ہائیمر' سب سے زیادہ کامیاب قرار پائی۔

فلمی دنیا کے مشہور ایوارڈز آسکرز  میں شرکت کرنے والے ہالی وڈ کے  متعدد مشہور ستاروں نے اپنے ملبوسات پر غزہ میں جنگ بندی کے مطالبے کی علامت 'سرخ پن بیجز' لگائے۔

’آرٹسٹس فار سیز فائر‘ نامی گروپ کی جانب سے سپر اسٹار مارک روفیلو، گلوکارہ بیلی ایلش، رامی یوسف اور دیگر نے سرخ بیج کو پہن کر تقریب میں شرکت کی۔

خیال رہے کہ آسکر سے قبل یہ سرخ بیج گریمی اور اسکرین گلڈ ایوارڈز کے موقع پر بھی استعمال کیے گئے تھے۔

عرب میڈیا کے مطابق سرخ بیجز سلیبریٹیز اور فلمی صنعت کے ممبرز پر مبنی ایک گروپ 'آرٹسٹ فار سیز فائر' نے بانٹے ہیں۔

اس گروپ نے اجتماعی طور پر گزشتہ برس اکتوبر میں ایک دستخطی مہم بھی چلائی تھی جس میں گروپ نے امریکی صدر بائیڈن سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ غزہ میں سیز فائر کے ساتھ مغویوں کو باحفاظت رہا کروائیں۔

اس گروپ کی ایک پریس ریلیز کے مطابق اس پن کا مقصد فوری اور مستقل جنگ بندی، مغویوں کی بازیابی اور فوری طور پر غزہ کے شہریوں کو انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی شامل ہے۔

اس پر 380 دستخط ثبت ہیں جس میں کیٹ بلانچے، بین افلیک، جنیفر لوپز اور براڈلی کوپر بھی شامل ہیں۔

معروف اداکار اور کامیڈین رامی یوسف نے امریکی میڈیا سے اس موقع پر گفتگو کے دوران کہا کہ 'ہم تمام فنکار غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 'ہم فلسطینی عوام کے لیے انصاف اور امن کا مطالبہ کر رہے ہیں اور جیسا کہ آپ جانتے ہیں ایک حقیقی عالمگیر پیغام یہ ہے کہ بچوں کا قتل روکا جائے۔

اس موقع پر متعدد تنظیموں کی جانب سے تقریب کی جگہ کے باہر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا اور فلسطین کی آزادی کے نعرے لگائے گئے۔

تازہ ترین