وائرل اسٹوریز

ایڈشیران پنجابی گانا 'لوَر' گا کر بے انتہا خوش

ایڈ شیران نے بھارت میں مزید یادگار لمحے گزارنے کا عندیہ دے دیا

Web Desk

ایڈشیران پنجابی گانا 'لوَر' گا کر بے انتہا خوش

ایڈ شیران نے بھارت میں مزید یادگار لمحے گزارنے کا عندیہ دے دیا

اسکرین گریب، ایڈ شیران اور دلجیت دوسانجھ کی  یادگار تصویر
اسکرین گریب، ایڈ شیران اور دلجیت دوسانجھ کی  یادگار تصویر

برطانوی پاپ گلوکار ایڈ شیران نے ممبئی کنسرٹ میں بھارتی پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ کیساتھ  جُگل بندی کی یادگار ویڈیو جاری کرتے ہوئے جلد ایسے مزید لمحات شیئر ہونے کی خوشخبری دے دی۔

اپنی مسحورکن آواز سے شائقینِ موسیقی کے دلوں پر راج کرنے والے ایڈ شیران کا بھارت کا دورہ بے حد کامیاب ثابت ہوا کیونکہ اس دوران ایڈ شیران نے بالی وڈ ستاروں کے ساتھ مل کر ایسے یادگار لمحات گزارے جن کو مداح بھلائے نہیں بھول سکتے۔

سوشل میڈیا پر دھوم مچانے والے لمحات میں ایڈ شیران کا بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کیساتھ مل کر ان کا سگنیچر پوز دینے کے علاوہ کنگ خان کی رہائش گاہ 'منّت' میں منی کنسرٹ کی ویڈیوز شامل ہیں۔

علاوہ ازیں وہ تیلگو فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار اللو ارجن کے گانے 'بوٹا بما' پر گانے کے گلوکار ارمان ملک کے ساتھ رقص بھی کرتے دکھے جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر جاری ہوتے ہی وائرل ہوگئی تھی۔

ان تمام ویڈیوز میں سب سے زیادہ پسند کی جانے والی ویڈیو اور لمحہ ایڈ شیران اور دلجیت دوسانجھ کی جُگل بندی ثابت ہوئی۔

ممبئی میں ایڈ شیران کا کنسرٹ منعقد ہوا جس میں ان کے بھارتی مداحوں کی ایک بڑی تعداد نے شامل ہوئی اور گلوکار کے گانوں کے ساتھ جھومتی نظر آئی تاہم اس کنسرٹ نے دلچسپ موڑ اس وقت لیا کہ جب کنسرٹ میں دلجیت دوسانجھ نے انٹری دی اور ایڈ شیران کے ساتھ مل کر پنجابی گانا گانے لگے۔

اس لمحے کی ویڈیو دلجیت دوسانجھ نے اپنے انسٹاگرام پر جاری کی جو جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔

علاوہ ازیں ایڈ شیران نے بھی اس خاص لمحے کو اپنے انسٹاگرام پر شیئر کیا جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایڈ شیران کنسرٹ میں دلجیت کا خوش آمدید کرتے ہیں جس کے بعد دلجیت اپنا گانا 'لوَر' گاتے گاتے ایڈ شیران کے پاس آکھڑے ہوتے ہیں اور پھر دونوں گانے کا ایک پنجابی شعر ساتھ گاتے ہیں جس کے بعد دلجیت نے رک کر ایڈ شیران کو اکیلے بھی گانا گانے دیا۔

مشہور انگریزی گیت 'پرفیکٹ' ، شیپ آف یو' اور 'فوٹوگراف' کو اپنی مسحورکن آواز سے سپرہٹ بنانے والے گلوکار ایڈ شیران نے یہ ویڈیو جاری کرتے ہوئے بطور کیپشن لکھا کہ ' ممبئی کنسرٹ میں اپنے ساتھ دلجیت دوسانجھ کو لیکر آنے کا موقع حاصل ہوا اور زندگی میں پہلی مرتبہ پنجابی زبان میں گانا بھی گایا۔ میں نے بھارت میں یادگار وقت گزارا اور جلد ایسے مزید یادگار لمحے آنے والے ہیں'۔

اس پوسٹ کے کمنٹ سیکشن میں ناصرف عام عوام بلکہ بالی وڈ ستارے بھی خوشی اور حیرانی کا اظہار کرتے نظر آئے۔

پوسٹ پر کمنٹ کرنے والوں میں آیوشمان کھرانا، ارجن کپور، منور فاروقی و دیگر اسٹارز شامل ہیں۔

تازہ ترین