دھوپ سے خود کو کیسے بچائیں؟
دھوپ ہمارے جسم کے لئے بہت اہم ہے۔ بڑے بوڑھوں کا کہنا ہے کہ صبح کی دھوپ ہمیں مختلف بیماریوں سے بچاتی ہے اور جراثیم کو ہمارے جسم سے دور کرتی ہے لیکن دھوپ میں دیر تک رہنا نہ صرف ہمارے جسم سے ضروری نمکیات چھین لیتی ہے بلکہ جلد کو بھی براہ راست نقصان پہنچاتی ہے، یہاں تک کہ جلد کا کینسر بھی ہو سکتا ہے۔ قدرتی طور پر جب سورج کی شعاعیں ہم پر پڑتی ہیں تو ردّعمل کے طور پر ہمارا جسم ایک ہارمون پیدا کرتا ہے جسے وٹامن ڈی کہتے ہیں اور جب ہم دھوپ سے بچنے کیلئے کیمیکل والے مہنگے مہنگے سن بلاک لگاتے ہیں تو وٹامن ڈی کے حصول کا عمل رک جاتا ہے جس سے کئی امراض لاحق ہوسکتے ہیں لہٰذا بہتر یہ ہے کہ قدرتی اشیاء سے تیار کیے گئے سن بلاک اور کریم استعمال کیے جائیں۔
(1) جب سورج کی کرنیں براہ راست آپ پر پڑ رہی ہوں تو میک اپ ہر گز نہ کریں
(2) ڈیوڈرنٹ اسپرے اور پرفیوم نہ لگائیں۔
(3)اگر آپ دھوپ میں جانے سے پہلے سن بلاک لگانا بھول گئے ہوں تو گھر آکر چہرے پر ٹھنڈی گرین ٹی کا اسپرے کریں یا ایلوویرا جیل لگائیں۔
مارکیٹ میں کئی طرح کے ہوم میڈ سن اسکرین دستیاب ہیں جو مہنگے ہونے کے ساتھ ساتھ جلد کو چکنا کردیتی ہیں جس سے ایکنی پیدا ہوتی ہے، اب آپ گھر میں ہی سن اسکرین تیار کرسکتے ہیں جو آپ کی جلد کو تحفظ بھی دے گا اور ساتھ ہی جلد کی تازگی بھی برقرار رکھے گا۔ ایک چوتھائی کپ بادام کے تیل میں 5چمچ زنک آکسائڈ، ایک چمچ شہد کی مکھی کے چھتے سے حاصل ہونے والا موم، تین چمچ ایلو ویرا جیل، تین کیپسول وٹامن آئل اور چند قطرے ایسنشل آئل ڈال کر تمام اجزاء کو ہلکا گرم کرلیں تاکہ تمام اجزاء مکس ہو کر کریم کی صورت میں آجائیں۔ اس کریم کا استعمال کسی بھی وقت آسانی سے کیا جاسکتا ہے۔ اب آپ بغیر کسی خوف کے سورج کی کرنوں کو خوش آمدید کہہ سکتی ہیں۔
تحقیق نے یہ بات ثابت کی ہے کہ ہلدی اور ادرک میں ایسی خصوصیات پائی جاتی ہیں جو ہر قسم کے موسمی اثرات اور فنگس سے جلد کو تحفظ فراہم کرتی ہیں۔ دھوپ میں نکلنے سے پہلے آپ ذرا سی ہلدی کو آدھا چمچ ادرک کے عرق میں ملائیں اور من پسند ایسنشل آئل ملا کر جلد پر اچھی طرح لگائیں۔ دھوپ میں جانے سے قبل ادرک کا پانی پینے سے بھی جلد پر دھوپ کے مضر اثرات رونما نہیں ہوتے۔
سردیوں میں سن اسکرین جلد میں دیر سے جذب ہوتی ہے اور چہرہ خشک رہتا ہے، ایسے میں جلد کو دھوپ سے بچانے کے لئے السی کا تیل استعمال کیا جاسکتا ہے۔ چند قطرے السی کے تیل میں چند قطرے ایسنشل آئل ملا کر جلد پر اچھی طرح مل لیں ۔ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے مطابق السی کے بیج نہ صرف یو وی شعاعوں سے محفوظ رکھتے ہیں بلکہ جلد کو نمی بھی پہنچاتے ہیں۔
ٹماٹر ایک ایسا پھل ہے جس میں لائیسوپین کی مقدار پائی جاتی ہے جو جلد کو الٹرا وائلٹ اے شعاعؤں اور الٹرا وائلٹ بی شعاعؤں سے بچاتا ہے۔ آرگینک ٹماٹر کے رس میں ہم وزن ایلوویرا جیل ملا کر پورے جسم پر مل لیں اور دھوپ سے ڈرنا چھوڑ دیں۔
غذا کے ذریعے دھوپ سے بچیں۔ جو لوگ غذاؤں کے ذریعے اپنی جلد کو دھوپ سے بچانا چاہتے ہیں، انہیں یہ غذائیں استعمال کرنی چاہئیں۔ ٹھنڈا اور تازہ تربوز کھانے سے نہ صرف نمکیات کی کمی پوری ہوتی ہے بلکہ دھوپ کے مضر اثرات کے خلاف جلد کو حفاظت ملتی ہے، اس میں ٹماٹر کی طرح لائسوپین ہوتا ہے جو الٹرا وائلیٹ شعاعؤں سے بچاتا ہے۔ دھوپ سے آنے کے بعد تربوز کے بیجوں کا اسکرب کرنے سے سن برن بھی نہیں ہوتا۔ انار میں موجود (ایلجک ایسڈ) جلد کے خلیوں کے لئے ایس پی ایف کی طرح کام کرتا ہے۔ دھوپ میں کام کرنے والوں کو انار کا رس یا انار کا قہوہ زیادہ سے زیادہ پینا چاہئے۔ روزانہ بیس بادام کھانے سے وٹامن ای کی مناسب مقدار ملتی ہے جو جلد کو سن برن سے بچاتی ہے اور خشک جلد پر پڑنے والی جھریوں اور چھائیوں سے محفوظ رکھتی ہے۔ گرین ٹی میں ٹینک ایسڈ ہوتا ہے جو جلد کو دھوپ کے مضر اثرات سے بچاتا ہے اس لئے دن میں دو کپ گرین ٹی پینا چاہئے۔
دھوپ کی وجہ سے جلد پر اکثر چھائیاں اور سیاہ دھبے بھی رونما ہونے لگتے ہیں۔ ان دھبوں سے نجات پانے کے لیے پرانے نسخے اپنانے کے بجائے نئے زمانے کی نئی کریم لازماً استعمال کریں۔ دو ہفتوں تک لازماً کریم کا استعمال جلد پر سیاہ دھبوں اور چھائیوں کا مکمل خاتمہ کردے گا۔
