کھیل

مطالبات بڑھنے لگے، بابر اعظم نے تینوں فارمیٹ کی کپتانی مانگ لی

بابر اعظم نے پی سی بی حکام کو کوئی مثبت جواب نہیں دیا۔

Web Desk

مطالبات بڑھنے لگے، بابر اعظم نے تینوں فارمیٹ کی کپتانی مانگ لی

بابر اعظم نے پی سی بی حکام کو کوئی مثبت جواب نہیں دیا۔

مایاناز پاکستانی بیٹر بابر اعظم، فوٹو بشکریہ گوگل
مایاناز پاکستانی بیٹر بابر اعظم، فوٹو بشکریہ گوگل

سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم بابر اعظم اپنے مطالبات پر ڈٹ گئے، کہہ ڈالا کہ صرف ٹی20 نہیں تینوں فارمیٹ کی کپتانی دیں۔

گزشتہ سال بھارت میں منعقدہ ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد ہمیشہ کی طرح قربانی کے بکرے تلاش کیے گئے، ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر کی سربراہی میں غیر ملکی کوچنگ اسٹاف کو فارغ کرتے ہوئے محمد حفیظ کو ان کی جگہ لایا گیا۔

پاکستان ٹیم کے سابق کپتان نے ہیڈکوچ کی ذمہ داری بھی خود سنبھالی، بابر اعظم کو تینوں فارمیٹ کی قیادت سے دستبردار ہونا پڑا، شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا، دورۂ آسٹریلیا میں پاکستان کو تینوں میچز میں شکست ہوئی،ٹی 20کرکٹ میں قیادت شاہین شاہ آفریدی کے سپرد کی گئی،نیوزی لینڈ میں گرین شرٹس پانچ میں سے ابتدائی چاروں میچز میں ناکام ہوئے۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل9 میں شاہین شاہ آفریدی کی کپتانی میں لاہور قلندرز شکستوں کے بھنور سے نہ نکل پائے تو سوال اٹھنا شروع ہوگئے۔

گزشتہ دنوں پریس کانفرنس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی اشارہ دیا کہ پیسر کی قیادت کے بارے میں فیصلہ ہونا باقی ہے، ان دنوں کاکول ملٹری اکیڈمی میں 29قومی کرکٹرز کی فٹنس ٹریننگ کا سلسلہ جاری ہے۔

نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم ٹی 20سیریز کا آئندہ ماہ کے وسط میں آغاز ہوگا، کیمپ میں شریک کرکٹرز میں سے ہی کیویز سے مقابلوں کیلیے اسکواڈ کا انتخاب ہونا ہے، بیشتر کھلاڑی وہی ہوں گے جو سلیکٹرز کے ورلڈکپ پلان میں شامل ہیں، بعد ازاں 1 سے 2 تبدیلیوں کی ضرورت پڑ سکتی ہے، بورڈ کا تھنک ٹینک مستقبل کیلئے پاکستان کرکٹ کی درست سمت متعین کرنا چاہتا ہے۔

پی سی بی کے سربراہ محسن نقوی نے گذشتہ دنوں 3گھنٹے تک اہم امورپر سلیکٹرز محمدیوسف، عبدالرزاق،وہاب ریاض، بلال افضل، چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر، ڈائریکٹر انٹرنیشنل سلمان واہلہ سے مشاورت کی، قومی ٹیم کی قیادت میں ممکنہ تبدیلی پر بھی گفتگو کی گئی، شاہین شاہ آفریدی کی جگہ بابر اعظم کو قیادت سپرد کرنے کے ٹیم پر اثرات پر تبادلہ خیال ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر اعظم نے ابھی تک پیشکش قبول نہیں کی، انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر بورڈ بطور کپتان واپسی چاہتا ہے تو تینوں فارمیٹ میں ذمہ داری سونپی جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ہی کوئی حتمی فیصلہ کریں گے۔

تازہ ترین