کھیل

شاہین کی ناراضگی محسن نقوی نے ختم کر دی

آرمی ٹریننگ کیمپ میں محسن نقوی سے ملاقات کے دوران شاہین نے اپنے سب گلے شکوے ختم کر دیے۔

Web Desk

شاہین کی ناراضگی محسن نقوی نے ختم کر دی

آرمی ٹریننگ کیمپ میں محسن نقوی سے ملاقات کے دوران شاہین نے اپنے سب گلے شکوے ختم کر دیے۔

چیئرمین پی سی بی آرمی ٹریننگ کیمپ کے دوران کھلاڑیوں سے ملتے ہوئے، اسکرین گریب
چیئرمین پی سی بی آرمی ٹریننگ کیمپ کے دوران کھلاڑیوں سے ملتے ہوئے، اسکرین گریب

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول ایبٹ آباد میں پاک فوج کے زیر نگرانی جاری ٹریننگ کیمپ میں کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق محسن نقوی نے ایبٹ آباد میں کاکول کا دورہ کیا اور پاکستان آرمی کے ٹرینرز کی جانب سے پاکستان کے ٹی 20 کھلاڑیوں کے لیے لگائے جانے والے فٹنس کیمپ کا ذاتی طور پر مشاہدہ کیا، اس دورے کا مقصد تربیتی کیمپ کے بارے میں جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ کیمپ کے انعقاد میں پاک فوج کے تعاون پر شکریہ ادا کرنا تھا۔

بیان میں کہا گیاکہ فٹنس کیمپ پاکستان کے کھلاڑیوں کی جسمانی صلاحیتوں کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کررہا ہے اور اس کا بنیادی مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ وہ آئندہ کرکٹ اسائنمنٹس کے لیے بہترین حالت میں ہوں جس میں اس سال جون میں ہونے والا آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ بھی شامل ہے۔

اس میں کہا گیا کہ چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں سے بات چیت کی اور کیمپ میں ان کی لگن اور فعال شرکت پر ذاتی طور پر ان کی تعریف بھی کی۔

کھلاڑیوں سے ملاقات کے علاوہ چیئرمین پی سی بی نے سلیکشن کمیٹی کے ساتھ میٹنگ بھی کی جس میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے ٹیم کے انتخاب پر بات کی گئی، ملاقات میں کپتان بابر اعظم بھی موجود تھے۔

چیئرمین پی سی بی نے بورڈ کی جانب سے ہیڈ کوچ کی تقرری کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر اراکین کو بھی اعتماد میں لیا۔

محسن نقوی کا کہنا ہے کہ میں اپنے کرکٹرز کو سپورٹ کرنے پر پاک فوج کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاک فوج کا تعاون نہ صرف ہمارے کھلاڑیوں کی فٹنس لیول میں اضافہ کرے گا بلکہ مستقبل میں انہیں مزید نظم و ضبط کا پابند بھی بنائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ کیمپ یقینی طور پر کھلاڑیوں کو امریکا اور ویسٹ انڈیز میں عالمی ٹورنامنٹ کی طرف لے جانے والے ایک چیلنجنگ سفر سے پہلے مستحکم پوزیشن میں رکھے گا۔

پی سی بی اپنے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے ضروری آلات اور وسائل سے آراستہ کرتے ہوئے انہیں مکمل مدد فراہم کرنے کے لیے موجود ہے۔

رپورٹ کے مطابق محسن نقوی نے کپتان بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی سے بھی ملاقات کی اور ون ڈے اور ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان کی تبدیلی سے متعلق فیصلے پر اعتماد میں لیا۔

ذرائع کے مطابق شاہین شاہ آفریدی سے مصافحہ کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے مکالمہ کیا جس پر فاسٹ باؤلر شاہین نے جواب دیا کہ ان کا دل بالکل صاف ہے اور وہ بات کو نہیں بڑھانا چاہتے۔ کھلاڑیوں سے خطاب میں محسن نقوی نے کہا کہ ٹیم کی سلیکشن کے لیے سارے اختیارات سلیکشن کمیٹی کو دے دیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بابر اعظم کو قومی ٹیم کی قیادت دوبارہ سونپے جانے کے بعد سے پی سی بی تنازعات میں گھرتا نظر آ رہا تھا جہاں ایک طرف شاہین نے قیادت سے ہٹائے جانے پر ناراضگی کا اظہار کیا تو ساتھ ہی ساتھ بورڈ کی جانب سے ان سے منسوب بیان سے بھی وہ لاعلم نظر آئے تھے۔

تازہ ترین