نسیم یا شعیب ؟ نوال سعید کومیسجز کرنے والا کرکٹر کون؟
نوال سعید کی خاموشی نے راز فاش کردیا
پاکستانی اداکارہ نوال سعید نے ماضی کے انٹرویو پر ایک بار پھر گفتگو کرکے پاکستانی کرکٹرز پر سوالیہ نشان کھڑا کردیا۔
’بکھرے ہیں ہم’ اور ’ستم’ جیسے ڈراموں میں مایہ ناز اداکاری کرنے والی اداکارہ نوال سعید کا ماضی کا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہوا جس میں انہوں نے پاکستانی کرکٹرز کے بارے حیران کن انکشافات کرکے مداحوں کو حیران کردیا تھا۔
میزبان مومن ثاقب کے شو ’حد کردی’ سے وائرل ہونے والے ویڈیو کلپ میں اداکارہ نےکسی کا نام لیے بنا یہ دعویٰ کیا کہ ،’انہیں اداکاروں کے نہیں بلکہ پاکستانی کرکٹرز کے بہت میسیجز آتے ہیں’۔
اداکارہ نے مزید انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ،‘جب بھی پاکستانی کرکٹر میسج بھیج کر میری خوبصورتی کی تعریفیں کرتے ہیں مجھے عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنے والے پلیئرز کے ایسے پیغامات پڑھ کر بہت حیرانگی ہوتی ہے’۔
وائرل انٹرویو میں نوال کا کہنا تھا کہ،’ وہ پلیئرز جنکا بظاہر تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ ہے وہ اس قسم کی حرکت کرتے ہیں جو کہ انہیں زیب نہیں دیتا’۔
بعدازاں اداکارہ نے خصوصی رمضان ٹرانسمیشن میں شرکت کرتے ہوئے مبہم انداز میں میسجز کرنے والے کرکٹر کا راز فاش کردیا۔
نادیہ خان اور اعجاز اسلم کی میزبانی میں ہونے والی اس رمضان ٹرانسمیشن میں نوال سعید نے نہ صرف پاکستانی کرکٹرز کے پیغامات پر ناراضی کا اظہار کیا بلکہ انکے مبہم انداز اور خاموشی نے کئی سوالات کو جنم دے دیا۔
میزبان اعجاز اسلم نے اداکارہ سےکرکٹرز کے مسیجز موصول ہونے پر سوال کیا اور ساتھ ہی ’این’ حرف بھی کہہ دیا جس کا اشارہ وہاں موجود فنکاروں نے کرکٹر نسیم شاہ سے جوڑ دیا۔
بعدازاں میزبان کی جانب سے کافی اصرار پر جب نادیہ خان نے شعیب ملک کا نام لیا تو نوال سعید نے مبہم انداز اپناتے ہوئے قہقہہ لگایا اور نام لینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نام یاد نہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا میں نے یہ بیان اس لیے دیا تھا کہ مجھے انسٹاگرام پر بہت سے کرکٹرز کے پیغامات حقیقی طور پر موصول ہوئے ، لیکن اب مجھے لگتا ہے کہ مجھے یہ بیان نہیں دینا چاہیے تھا۔
نوال نے مزید کہا کہ اگرچہ، میں نام ظاہر نہیں کروں گی لیکن مجھے پیغامات ملے ہیں اور میرا ماننا ہے کہ کرکٹرز اور کھیلوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات ایک سرکاری عہدہ اور شان رکھتی ہیں، انہیں لڑکیوں کو اس طرح کے پیغامات نہیں بھیجنے چاہئیں۔
یاد رہے کہ اداکارہ نوال سعید نے 2017 میں ڈراما سیریل ’یقین کا سفر’ سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا اور بہت کم عرصے میں لاکھوں مداحوں کے دلوں میں اپنا گھر لیا۔