پاکستان

شیر افضل مروت، عمران خان کے فوکل پرسن نہیں رہے؟

عمران خان نے فیصلہ کور کمیٹی کی سفارش پر کیا

Web Desk

شیر افضل مروت، عمران خان کے فوکل پرسن نہیں رہے؟

عمران خان نے فیصلہ کور کمیٹی کی سفارش پر کیا

شیر افضل مروت کو چند روز قبل ہی عمران خان کا فوکل پرسن مقرر کیا گیا تھا
شیر افضل مروت کو چند روز قبل ہی عمران خان کا فوکل پرسن مقرر کیا گیا تھا

پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے اپنے مقرر کردہ فوکل پرسن شیر افضل مروت کو ان کی ذمہ داریوں سے ہٹاتے ہوئے سوشل میڈیا ٹیم بھی ختم کرنے کی ہدایت کردی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جانب سے یہ فیصلہ کور کمیٹی کی سفارشات پر کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ محض چند روز قبل ہی جیل میں ملاقاتوں کے لیے عمران خان نے  بیرسٹر گوہر ، شیر افضل مروت ، بیرسٹر عمیر نیازی کو فوکل پرسن مقرر کیا تھا۔

تاہم اب عمران خان نے شیر افضل مروت اور عمیر نیازی کو اڈیالہ جیل میں ملاقاتیوں کے لیے نام دینے کی فہرست سے نکال دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے کور کمیٹی کی سفارشات کو منظور کرتے ہوئے ملاقاتیوں کے لیے نئے ناموں کی فہرست دی ہے جس میں عمر ایوب، سینیٹر شبلی فراز، علی ظفر اور بیرسٹر گوہر کو شامل کیا گیا ہے۔

عمران خان نے شیر افضل مروت کو پی ٹی آئی کے متوازی اپنی سوشل میڈیا ٹیم ختم کرنے کی بھی ہدایات دیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ کور کمیٹی کے گزشتہ اجلاس میں شیر افضل مروت اور عمیر نیازی پر شدید تنقید کی گئی تھی۔

پارٹی رہنماؤں کا مؤقف تھا کہ مذکورہ دونوں رہنما عمران خان سے سب سے زیادہ ملاقاتیں کرتے ہیں تاہم عمران خان کا پیغام واضح انداز میں پارٹی تک نہیں پہنچتا۔

کور کمیٹی نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ شیر افضل مروت اور عمیر نیازی عمران خان سے ملاقات کرنے کے لیے فوکل پرسنز مقرر ہوئے جبکہ اس حوالے سے کور کمیٹی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ عمران خان نے منگل کو اڈیالہ جیل میں بیرسٹر گوہر کے ذریعے شیر افضل تک یہ پیغام پہنچایا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی سوشل میڈیا ٹیم بند کریں اور پی ٹی آئی کے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ہی انحصار کیا جائے۔ البتہ شیر افضل مروت نے اس خبر کو جھوٹ قرار دے کر مسترد کردیا۔

ایکس پر ایک صحافی کی پوسٹ  کو ری پوسٹ کر کے انہوں نے لکھا کہ یہ خبر ایک معتبر صحافی کی ہے، آپ کتنے جھوٹ گھڑو گے۔

شیر افضل مروت، عمران خان کے فوکل پرسن نہیں رہے؟

مذکورہ صحافی نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ ’عمران خان نے اپنے فوکل پرسنز کی تعداد میں اضافہ کیا ہے اب شیر افضل مروت، عمیرنیازی اور بیرسٹرگوہر کےساتھ شبلی فراز، عمرایوب اور بیرسٹرعلی ظفر بھی فوکل پرسن ہوں گے‘۔

صحافی کا کہنا تھا کہ ’بیرسٹرگوہر سمیت متعدد رہنماؤں سےبات ہوئی سب نےتصدیق کی باقی جھوٹی خبروں سے اجتناب کریں کس کو نکالا نہیں گیا‘۔

تازہ ترین