عالمی منظر

کیا کیٹ مڈلٹن کی ویڈیو ڈیپ فیک ٹیکنالوجی سے بنائی گئی؟

جنوری میں پیٹ کی سرجری کے بعد سے وہ منظر عام سے غائب تھیں۔

Web Desk

کیا کیٹ مڈلٹن کی ویڈیو ڈیپ فیک ٹیکنالوجی سے بنائی گئی؟

جنوری میں پیٹ کی سرجری کے بعد سے وہ منظر عام سے غائب تھیں۔

یہ ویڈیو 23 مارچ کو جاری کی گئی تھی
یہ ویڈیو 23 مارچ کو جاری کی گئی تھی

خیال کیا جارہا تھا کہ برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن کی جانب سے کینسر کے اعلان سے متعلق ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد شاہی خاندان کے بارےمیں تمام قیاس آرائیاں دم توڑ چکی ہیں۔

لیکن ایسا نہیں ہے، حال ہی میں ان کی اسی ویڈیو پر ایک ایسا معاملہ سامنے آیا ہے جس نے دوبارہ شاہی خاندان کو افواہوں کی زد میں لاکھڑا کیا۔

ہوا کچھ یوں کہ معروف ادارے گیٹی امیجز نے پرنسز آف ویلز، کیٹ مڈلٹن کے کینسر کے انکشاف کی ویڈیو پر ایک 'ایڈیٹر کا نوٹ' شامل کردیا ہے۔

اس نوٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ فوٹیج 'شاید ادارتی پالیسی پر عمل نہیں کرتی'۔

اس اقدام نے نہ صرف نئی آن لائن مفروضوں کو جنم دیا بلکہ یہ قیاس آرائیاں بھی جاری ہیں کہ شہزادی کی یہ ویڈیو ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کی مدد سے بنائی گئی ہو۔

ایڈیٹر کے نوٹ میں مزید لکھا گیا کہ 'یہ ہینڈ آؤٹ کلپ ایک تھرڈ پارٹی ادارے کی جانب سے فراہم کیا گیا اور شاید گیٹی امیجز کی ادارتی پالیسی سے مطابقت نہیں رکھتا'۔

یاد رہے کہ  23 مارچ کو کینسنگٹن پیلس کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو پیغام میں کیٹ مڈلٹن نے انکشاف کیا تھا کہ وہ بھی کینسر کا شکار بن چکی ہیں اور احتیاطی کیمو تھراپی کروا رہی ہیں۔

اس ویڈیو میں کیٹ کو ونڈسر پیلس کے باغات میں ایک بینچ پر بیٹھا دیکھا گیا تھا، جس کے پس منظر میں چیری کے پھول اور ڈیفوڈلز تھے۔

اس ویڈیو نے ان کی جنوری میں پیٹ کی سرجری کے بعد سے منظر عام سے اوجھل ہونے سے متعلق افواہوں اور عجیب و غریب سازشی نظریات کو عارضی طور پر ختم کر دیا گیا تھا۔

تاہم گزشتہ ماہ کے آخر میں نئے سازشی مفروضے آن لائن منظر عام پر آئے تھے کہ فوٹیج "مصنوعی ذہانت (AI) سے بنائی گئی ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کی ہو سکتی ہے'۔

 جس میں کچھ لوگوں نے یہ سوال بھی کیا کہ پس منظر میں موجود پتے یا گھاس ہل کیوں نہیں رہے تھے۔

دریں اثنا گیٹی امیجز کے 'ایڈیٹر  نوٹ' کے اضافے نے ایک بار پھر سوشل میڈیا کو چکرا کر رکھ دیا ہے جبکہ کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ ان کے لیے یہ حیرت کی بات نہیں ہے۔

تازہ ترین