’میں صدقے یارسول اللہ ﷺ’، عاطف اسلم کا روح پرور کلام ریلیز
ویڈیو نے ریلیز ہوتے ہی مقبولیت کے جھنڈے گاڑدیے
عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم کی نئی نعت ’میں صدقے یارسول اللہﷺ’ نے ریلیز ہوتے ہی مداحوں کے دلوں میں اپنی جگہ بنالی۔
مشہور کلام ’تاجدارِ حرم’ سنتے ہی گلوکار عاطف اسلم کا نام ذہن نشین نہ ہو ایسا ممکن نہیں، عاطف اسلم کی آواز بلاشبہ کانوں میں رس گھولنے والی معلوم ہوتی ہے۔
حال ہی میں گلوکار نے اپنے آفیشل یوٹیوب چینل پر نئی نعت ریلیز کی جس نے ایک بار پھر مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کو تعریف کرنے پر مجبور کردیا۔
اس روح پرور کلام کو عدنان شیرازی نے پروڈیوس کیا ہے جبکہ دلوں کو چھو لینے والی آواز کا تڑکا گلوکار عاطف اسلم نے لگایا۔
رضوان شیرازی کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ ویڈیو یوٹیوب پر جاری کی گئی جس میں گلوکار کی اللہ تبارک و تعالی سے لا محدود محبت دکھائی گئی ہے۔
عاطف اسلم کی اس ویڈیو کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ مذکورہ ویڈیو ریلیز ہوتے ہی 12 لاکھ 84ہزار 9سو سے زائد لوگوں کی سماعتوں سے گزر چکی ہے جبکہ اس کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہاہے۔
4 منٹ 57 سیکنڈ پر مشتمل ویڈیو جاری کرتے ہوئے عاطف اسلم نےاپنے دل کی کیفیت الفاظ کی صورت میں پیش کرتے ہوئے لکھاکہ،’ یہ کلام براہ راست میرے دل سے ہے جس کے ہر لفظ کا اپنا منفرد اور طاقتور معنی ہے، مجھے امید ہے کہ آپ سب اس سے جُڑیں گے۔
علاوہ ازیں گلوکار عاطف اسلم ’اللہ ہو’ اور ’ مصطفیٰ جانِ رحمت پر لاکھوں سلام‘ کے نام سے بھی منفرد اور خوبصورت کلام جاری کرچکے ہیں جسے مداحوں اور انکے فینز کی جانب سے کافی پذیرائی حاصل ہوئی۔
واضح رہے کہ گلوکار عاطف اسلم نے نہ صرف پاکستان بلکہ بالی وڈ فلموں کیلئے بھی کئی گانیں پیش کیے تاہم عاطف اسلم گزشتہ چند سالوں سے روحانی پہلو سے وابستہ ہیں۔
روحانی کلام سے لگاؤ پر گلوکار کا کہنا تھا کہ،’ وہ جو کلام پڑھتے ہیں وہ میراث ہے جو وہ اپنے بچوں کے لیے چھوڑنا چاہتے ہیں۔’
-
انفوٹینمنٹ 22 منٹ پہلے
کینسر نے حنا خان کے کیرئیر پر کتنا اثر ڈالا؟
-
فلم / ٹی وی 10 گھنٹے پہلے
شاہد کپور کی 5 بہترین فلمیں جو آپ کو ضرور دیکھنی چاہئیں
-
عالمی منظر 10 گھنٹے پہلے
ٹرمپ نے حلف اٹھاتے ہی ہم جنس پرستوں پر بجلیاں گرادیں
-
انفوٹینمنٹ 10 گھنٹے پہلے
پریانکا چوپڑا نیپوٹزم کے فروغ میں روشن خاندان کے کردار پر بول پڑیں