ڈولی چائے والا کی دہلی وڈا پاؤ گرل سے پُرجوش ملاقات
سوشل میڈیا پر ویڈیو کی دھوم مچ گئی
ناگپور میں پرانے ودربھ کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم کے قریب چائے کا اسٹال چلانے والے سنیل پٹیل کی دہلی کی وڈا پاو گرل چندریکا گیرا ڈکشٹ سے ملاقات سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بل گیٹس کو چائے پیش کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شہرت کے آسمان کو چھونے والے ناگپور کے رہائشی سنیل پٹیل عرف ڈولی چائے والا نے دہلی کی وڈا پاؤ گرل کے نام سے مشہور چندریکا گیرا ڈکشٹ سے ملاقات کرکے اپنا سب سے بڑ اخواب پورا کرلیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر سنیل پٹیل نے ویڈیو شیئر کی جس میں انہیں چندریکا سے خوشگوار ملاقات کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
چندریکا سے اس ملاقات کے دوران سنیل کا وہی روایتی انداز ،گلے میں چین کلائی میں گھڑی اور ہاتھ میں مختلف رنگوں کے بینڈز بھی ہر دیکھنے والے کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے تھے۔
دہلی میں ہونے والی اس ملاقات میں ڈولی چائے والے نے وڈا پاؤ گرل کے کام کی تعریف کی اور انکے حوصلے کو بھی سراہا۔
سنیل کا مذکورہ ویڈیو میں کہنا تھا کہ،کوئی بھی کام چھوٹا بڑا نہیں ہوتا ،چندریکا کا کام اور میرا کام دن بھر کھڑے رہ کر محنت کرنا ہے آج ہم جس مقام پر بھی ہیں اپنی محنت کے سبب ہیں’۔
جواب میں وڈا پاؤ گرل نے بھی سنیل کو اپنا رول ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں مجھے ان سے حوصلہ ملتا ہے، یہ میری خوش قمستی ہے کہ میری سنیل سے ملاقات ہورہی ہے’۔
ویڈیو شیئر کرتے ہوئے سنیل نے چندریکا سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ،’وہ (چندریکا) بہت محنتی لڑکی ہیں ، براہ کرم نفرت اور ٹرولنگ نہ کریں ،انکے مستقبل کیلئے میری نیک تمنائیں۔’
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوتے ہی صارفین اور فینز کی جانب سے کافی پسند کیا گیا اور ساتھ ہی سوشل میڈیا صارفین نے کمنٹ سیکشن میں اپنے تبصروں سے ان دونوں شخصیات کی حوصلہ افزائی بھی کی۔