دلجیت دوسانجھ کا والدین سے تعلق کیسے ٹوٹا؟
والدین نے 11 سال کی عمر میں خود سے الگ کردیا، دلجیت دوسانجھ
بھارتی پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ نے اپنے والدین کے ساتھ ناخوشگورا تعلقات کی وجوہات سے پردہ ہٹا دیا۔
دلجیت دوسانجھ ان دنوں شہرت کے آسمان چھو رہے اور ان کا ہر ایک گانا ریلیز ہوتے ہی شائقینِ موسیقی سے داد وصول کر رہا ہے۔
حال ہی میں دلجیت نے رنویر الہٰ آبادیا کو دیے گئے انٹرویو میں اپنے والدین سے متعلق بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ان سے خفا تھے کیونکہ انہوں نے بغیر مرضی جانے انہیں دوسرے شہر بھیج دیا'۔
انہوں نے کہا کہ 'میں 11 سال کا تھا جب میں نے اپنا گھر چھوڑا اور اپنے ماما جی کے ساتھ رہنے لگا۔ میں اپنے گاؤں کو چھوڑ کر شہر لدھیانا آیا تھا'۔
گلوکار نے انکشاف کیا کہ ' ماما جی نے والدین سے پوچھا کہ کیا میں اسے اپنے ساتھ شہر لے جاؤں ؟ جس پر میرے والدین نے مجھ سے پوچھے بغیر ہی ہاں کردی'۔
انہوں نے کہا کہ ' میں اپنے چھوٹے سے کمرے میں اکیلا رہتا تھا، میری مصروفیت صرف اسکول آنا جانا تھی، وہاں ٹی وی بھی نہیں تھا اور میرے پاس بہت وقت ہوتا تھا اس لیے میں اپنی فیملی سے دور ہوتا چلا گیا'۔
والدین کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ ' والدین نے میری بھلائی ہی سوچی تھی، میں اپنی والدہ کی بہت عزت کرتا ہوں اور میرے والد بھی بہت اچھے انسان ہیں، وہ مجھ سے کچھ نہیں پوچھتے تھے، انہوں نے نہیں پوچھا کہ میں کس اسکول میں پڑھ رہا ہوں۔ میرا تعلق ان سے نہیں بلکہ سب سے ہی ٹوٹ گیا۔