ہزاروں کا خرچہ بچائیں، عید پر گھریلو ماسک سے اپنی جلد جگمگائیں
ماسک کے تمام اجزا آپ کو اپنے کچن میں ہی مل جائیں گے۔
عید کی آمد آمد ہے ایسے میں جہاں خواتین اپنے بناؤ سنگھار کے لیے دیدہ زیب ملبوسات، زیورات اور دیگر اشیا کی خریداری میں مصروف رہتی ہیں۔
وہیں ایک بڑی تعداد اپنی خوبصورتی میں اضافہ اور مرجھائے ہوئے چہروں کو رونق بخشنے کے لیے بیوٹی سیلونز بھی پہنچتی ہے۔
اور کیوں نہ پہنچیں کہ خوبصورت لباس اور سنگھار کو چار چاند تو صرف اسی وقت لگیں گے جب آپ کا چہرہ تروتازہ اور چمکدار نظر آئے گا۔
عید کے موقع پر اپنے سج دھج کے ساتھ لوگ اپنی ظاہری شخصیت کو بھی متاثر کن بنانے کے لیے خود پر بہت محنت کرتے ہیں۔
تاہم رمضان المبارک کے آخری ایام میں پارلر جانے کے لیے گھنٹوں کا وقت نکالنا اور ہزاروں روپے خرچ کرنا ہر خاتون کے لیے آسان بھی نہیں۔
اگر آپ بھی ان خواتین میں شامل ہیں جن کے لیے مہنگے فیشل اور بیوٹی ٹریٹمنٹس کرانے کیلئے گھر سے باہر جانا ممکن نہیں تو پریشان نہ ہوں۔
یہاں ہم آپ کو چند ایسے ٹوٹکے بتارہے ہیں جنہیں استعمال کر کے آپ کچن میں موجود اشیا سے گھر بیٹھے خوبصورت اور چمکدار جلد حاصل کرسکتے ہیں۔
بیسن کا ماسک
ایک کھانے کا چمچ بیسن، ایک چائے کا چمچ شہد، ایک چٹکی ہلدی اور ایک کھانے کا چمچ دودھ شامل کر کے پیسٹ بنالیں۔
یہ ماسک خاص طور پر خشک جلد کو تروتازہ اور نرم و ملائم بنانے کے لیے انتہائی مفید ہے۔
اس ماسک کو چہرے پر 15 منٹ تک لگا رہنے دیں اور خشک ہونے پر پانی کے ساتھ رگڑ کر صاف کرلیں، مسلسل استعمال سے یہ آپ کی چہرے کی رنگت نکھارنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
دہی کا ماسک
اگر آپ فیشل جیسی چمک فوری حاصل کرنا چاہتے ہیں تو یہ ماسک آپ ہی کے لیے ہے۔
ایک کھانے کے چمچ دہی میں 2 قطرے لیموں کا رس یا سرکے کے شامل کر کے پیسٹ بنا لیں۔
اس ماسک کو فیس پر اچھی طرح ملنے کے بعد خشک ہونے کے لیے لگا چھوڑ دیں اور پھر دھو کر چہرہ خشک کرلیں۔
چاول کا ماسک
چوتھائی کپ چاول اچھی طرح دھو کر ابال لیں اتنا کہ بالکل نرم ہوجائیں۔
اس کے بعد اسے گرائنڈر میں ڈال کر پیسٹ بنالیں اور کسی ایئر ٹائٹ کنٹینر میں ڈال کر فرج میں محفوظ کرلیں۔
جب بھی ماسک بنانا ہو اپنی ضرورت کے مطابق چاول کا پیسٹ نکالیں اور اس میں شہد شامل کر کے چہرے ہر 20 منٹ کیلئے لگالیں اور اس کے بعد منہ دھو لیں۔
کیلے کا ماسک
آدھے کیلےکو چھیل کر اسے کانٹے کی مدد سے اچھی طرح گودا بنالیں، اس کے بعد اس میں ایک کھانے کا چمچ خشک دودھ کا پاؤڈر شامل کرکے پیسٹ بنالیں۔
اب اس پیسٹ کو چہرے پر لگا کر 15 سے 20 منٹ بعد دھو لیں۔
شہد کا ماسک
2 کھانے کے چمچ شہد میں 2 چائے کے چمچ کافی پاؤڈر شامل کر کے پیسٹ بنالیں۔
10 سے 15 منٹ کے لیے چہرے پر اس پیسٹ کو لگائیں، بعدازاں گرم پانی سے چہرہ دھو کر اسے صاف کرلیں۔
چاول اور دودھ کا ماسک
2 سے 3 چمچ ابلے ہوئے چاول لے کر اس میں 2 سے 3 چمچ دودھ اور ایک چمچ شہد میں شامل کر کے پیسٹ بنالیں۔
اس ماسک کو بھی 20 منٹ کے لیے چہرے پر لگانے کے بعد منہ دھو لیں۔
نوٹ: کسی بھی ماسک کو پہلی مرتبہ پورے چہرے پر لگانے سے پہلے تھوڑی سی مقدار میں لگا کر پیچ ٹیسٹ کرلیں، ری ایکشن ہونے کی صورت میں اس کے استعمال سے گریز کریں۔



