انڈیا

سیما حیدر پر بھارتی شوہر کا تشدد؟

وائرل ویڈیو، سیما حیدر کا موقف بھی آگیا

Web Desk

سیما حیدر پر بھارتی شوہر کا تشدد؟

وائرل ویڈیو، سیما حیدر کا موقف بھی آگیا

اسکرین گریپ
اسکرین گریپ

بھارتی نوجوان کی محبت میں پاکستان چھوڑ کر ہندوستان میں بس جانے والی خاتون سیما حیدر کے حوالے سے ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں ان کے چہرے کو زخمی حالت میں دیکھا جا سکتا ہے۔

انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سیما حیدر کی آنکھ سوجی ہوئی ہے اور ہونٹ بھی زخمی ہے جس کے بعد یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ سیما حیدر کو ان کے بھارتی شوہر سچن مینا نے تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔

سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سیما حیدر کے وکیل کا موقف سامنے آگیا، وکیل اے پی سنگھ نے مذکورہ وائرل ویڈیو کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا استعمال کرتے ہوئے سیما حیدر کی ویڈیو بنائی گئی ہے جسے پاکستانی یوٹیوبرز نے سوشل میڈیا پر وائرل کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے بھی ویڈیو کی تحقیقات کے بعد اسے ’فیک‘ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ سیما حیدر کو گھریلو تشدد کا نشانہ نہیں بنایا گیا۔

دوسری جانب سیما حیدر سے منسوب وضاحتی بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے بھی خود پر تشدد کی خبروں اور وائرل ویڈیو کو مسترد کردیا۔

سیما حیدر نے کہا کہ وہ بالکل محفوظ ہیں اور شوہر کے ساتھ کسی قسم کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، سیما حیدر نے اپنے بیان میں کہا کہ ’میرے شوہر سچن اور میرے درمیان سب کچھ بالکل ٹھیک ہے۔ ہماری پوری فیملی پر امن طریقے سے خوشی خوشی رہ رہی ہے۔

سیما حیدر نے کہا کہ میں اترپردیش میں ہوں اور یہاں کے وزیراعلیٰ یوگی ادتیہ خواتین کے خلاف کبھی بھی کسی قسم کے ظلم کی اجازت نہیں دیں گے۔

واضح رہے کہ سیما کی بھارتی شہری سچن مینا سے پہلی گفتگو 2019 میں آن لائن شوٹنگ گیم پب جی پر ہوئی تھی۔

 جس کے بعد دونوں پہلی بار مارچ 2023 میں نیپال میں ملے تھے، جہاں سیما نے ہندو مذہب اختیار کر لیا تھا۔ 

اس جوڑے نے مبینہ طور پر ہندو رسم ورواج کے مطابق شادی کی اور پھر بچوں کے ساتھ 13 مئی 2023 کو سیما اور سچمن نیپال کے راستے بھارت میں داخل ہوئے، اِس وقت سیما سچن کے ساتھ ہی رہائش پذیرہیں۔

تازہ ترین