اجنبی عورت کو ’ڈارلنگ‘ کہنا جنسی ہراسانی ہے، عدالت

بھارت کی ایک عدالت نے کہا ہے کہ اجنبی خاتون کے لیے ’ڈارلنگ‘ کا لفظ استعمال کرنا جنسی ہراسانی کے مترادف ہے اور بھارتی قوانین کے تحت اس کی سزا دی جائے گی۔
کلکتہ ہائی کورٹ کے جسٹس جے سین گپتا نے کہا کہ لفظ ’ڈارلنگ‘ کا مفہوم جنسی نوعیت کا ہے اور بھارتی سماج کسی مرد کو اجازت نہیں دیتا کہ وہ ’ناواقف خواتین‘ کو مخاطب کرنے کے لیے اس طرح کا اظہار خوشی سے کرے۔
جسٹس سین گپتا کا سنگل بینچ ایک اپیل پر سماعت کر رہا تھا، جس میں مبینہ طور پر نشے میں دھت ایک شخص پر نو سال قبل ایک خاتون کانسٹیبل کو ’ڈارلنگ‘ کہنے کا الزام تھا۔
یہ واقعہ اکتوبر 2015 ءمیں جزائر انڈمان میں پیش آیا تھا، جب امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تعینات مقامی پولیس کی ایک ٹیم نے ہنگامہ کرنے پر جنک رام کو حراست میں لیا تھا۔ مبینہ طور پر رام نے ہندی زبان میں ایک خاتون کانسٹیبل سے پوچھا: ’ڈارلنگ، کیا آپ جرمانہ عائد کرنے آئی ہیں؟‘
استغاثہ نے 11 گواہ پیش کیے جنہوں نے قانونی کارروائی کے دوران خاتون کے بیان کی تصدیق کی۔
بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے کے مطابق جج نے کہا ’کسی اجنبی خاتون، چاہے وہ پولیس کانسٹیبل ہو یا نہ ہو، کو کسی مرد کا سرعام لفظ ڈارلنگ کے ساتھ مخاطب کرنا قابل اعتراض ہے، چاہے وہ شراب کے نشے میں دھت ہو یا نہ ہو، اور استعمال کیا جانے والا لفظ بنیادی طور پر جنسی نوعیت کا تبصرہ ہے۔‘
وکیل دفاع نے دلیل دی کہ رام نے مذاق کے طور پر الفاظ استعمال کیے تھے اور لفظ ’ڈارلنگ‘ عام طور پر بھارتی معاشرے میں بغیر کسی جنسی ارادے کے استعمال کیا جاتا ہے۔
مدعا علیہ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں کہ دوران واقعہ وہ نشے میں تھا۔ اس کے جواب میں عدالت نے کہا ’اگر ایسا سنجیدہ حالت میں کیا جاتا، تو جرم کی سنگینی شاید اور بھی زیادہ ہوتی۔‘
عدالت نے آئی پی سی کی دفعہ 354 اے (عورت کی حرمت کو ٹھیس پہنچانا) اور 509 (لفظ، اشارہ یا فعل جس کا مقصد عورت کی توہین کرنا ہو) کے تحت اجنبی خواتین کے خلاف متنازع لفظ کا استعمال جرم قرار دیا۔
عدالت نے رام کی جیل کی سزا کم کرکے ایک ماہ کر دی کیونکہ انہوں نے جرم کو ’بڑھاوا‘ نہیں دیا اور یہ الفاظ کہنے کے بعد رک گئے۔
-
انفوٹینمنٹ 2 گھنٹے پہلے
زارا نور اور حرا مانی کی سنیل شیٹی سے اچانک ملاقات
-
انفوٹینمنٹ 2 گھنٹے پہلے
کرسٹوفر نولن کے آگے جنید اور ہمیش کا جادو نہ چل سکا
-
اسکینڈلز 3 گھنٹے پہلے
'گھٹیا ذہنیت' بی پراک کا رنویر الٰہ آبادیہ کے پوڈکاسٹ میں شرکت سے انکار
-
انفوٹینمنٹ 3 گھنٹے پہلے
ہانیہ عامر بھی بالی وڈ میں کام ڈھونڈنے لگیں