سلمان خان کے گھر فائرنگ کی CCTV فوٹیج وائرل
پولیس نے فائرنگ کرنے والے افراد کی شناخت کرلی
بھارتی سپر اسٹار سلمان خان کی رہائش گاہ گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر دو نامعلوم افراد کی جانب سے کی گئی فائرنگ کے واقعہ کی سی سی ٹی وی فویٹج انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی۔
14 اپریل کی صبح 5 بجے دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے سلمان خان کی ممبئی کے علاقے بندرہ میں رہائش گاہ کے سامنے ہوائی فائرنگ کی اور ایک گولی عمارت کی پہلی منزل پر بھی چلائی جہاں سلمان خان کی آرام گاہ ہے اور پھر وہاں سے فرار ہوگئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ممبئی پولیس کی کرائم برانچ فوراً جائے وقوعہ پہنچی جبکہ فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور دیوار پر موجود گولی کے نشان کا بھی جائزہ لیا۔
بعدازاں اس واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی جس کی مدد سے پولیس نے فائرنگ کرنے والے ایک شخص کی شناخت کرلی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج سے انکشاف ہوا کہ دونوں افراد ٹوپیاں پہنے ہوئے تھے۔ دونوں نے بیگ بھی اٹھائے ہوئے تھے جبکہ ویڈیو میں انہیں سلمان خان کی رہائش گاہ کی طرف فائرنگ کرتے ہوئے دکھایا گیا۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا میں یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ ممبئی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ واقعہ میں ملوث افراد کا تعلق راجھستان میں بشنوئی گروپ کو چلانے والے سرغنہ روہت گودارا سے ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ کرنے سے قبل دونوں مشتبہ افراد نے ارد گرد کے علاقے کا مشاہدہ کیا اور پھر فائرنگ کی۔
بعدازاں فائرنگ کی ذمہ داری جیل میں بند گینگسٹر لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی نے قبول کرلی اور اس کر ٹریلر قرار دیتے ہوئے سلمان خان کو آخری وارننگ بھی دے ڈالی ہے۔
دوسری جانب مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ نے سلمان خان سے رابطہ کرکے اُنہیں مزید تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی کی ہے۔
یاد رہے کہ سلمان خان کو گزشتہ چند سالوں سے قتل کی دھمکیاں موصول ہورہی ہیں جو لارنس بشنوئی گینگ کے ایک اہم رکن و مفرور گینگسٹر گولڈی برار کی جانب سے دی گئیں۔