عالیہ اور رنبیر کی شادی کی سالگرہ، ’مینیو کارڈ‘ کے ہرسو چرچے
کسٹمائزڈ مینیو کارڈ پر ’فنِ مصّوری‘ سب کی توجہ کا مرکز بن گئی
بھارتی اسٹار جوڑی عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کو شادی کی دوسری سالگرہ کے ڈنر پر پیش کیا گیا مینیو کارڈ سب کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
سال 2022 میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی اسٹار جوڑی عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور ناصرف آن اسکرین بلکہ آف اسکرین بھی رومانوی رنگ بکھیرنے کے عادی ہیں۔
14 اپریل کو اس اسٹار جوڑی نے اپنی شادی کی دوسری سالگرہ منائی۔ اس خاص موقع پر ڈنر ڈیٹ کیلئے دونوں نے بھارت کے معروف شیف ہرش دکشت کا انتخاب کیا۔
شیف ہرش نے رنبیر اور عالیہ کی ڈنر ڈیٹ کیلئے خاص مینیو کارڈ تیار کیا جس کی تصاویر انہوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر بطور اسٹوری جاری کیں۔
مذکورہ تصاویر میں نظر آنے والے مینیو کارڈ کے ایک صفحے پر رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ سے ملتی جلتی ڈرائنگ دیکھی جاسکتی ہے۔ دونوں نوڈلز کھارہے ہیں جبکہ محبت کی دنیا میں گم اس جوڑی کے درمیان انکی ننھی پری راہا کپور کا خاکہ بھی بنایا گیا۔
علاوہ ازیں اس صفحے پر کھانے کی مختلف اشیاء بھی بنائی گئیں جو بے رنگ ہیں اور رنگ صرف رنبیر، عالیہ اور راہا کے خاکوں میں بھرے گئے۔
مینیو کارڈ کے ایک اور صفحے پر اسٹار جوڑی کی تصویر بھی شامل کی گئی جس میں رنبیر کپور کو عالیہ بھٹ کی گود میں بیٹھے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ تصویر کے نیچے ڈنر ڈیت کی تاریخ 14 اپریل 2024 لکھی گئی۔
واضح رہے کہ شادی کی سالگرہ کے موقع پر عالیہ بھٹ نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ جاری کی تھی جس میں انہوں نے رنبیر کپور کے ساتھ اپنی تصاویر شامل کرکے محبت سے بھرپور پیغام لکھا تھا۔