پاکستان

پاکستان میں موجود بھارتی خاتون کا بچوں کے بغیر ملک واپس جانے سے انکار

فرزانہ نے 2015 میں مبین الٰہی سے ابو ظبی میں شادی کی تھی۔

Web Desk

پاکستان میں موجود بھارتی خاتون کا بچوں کے بغیر ملک واپس جانے سے انکار

فرزانہ نے 2015 میں مبین الٰہی سے ابو ظبی میں شادی کی تھی۔

بھارتی خاتون نے 2015 میں پاکستانی شہری سے شادی کی تھی۔
بھارتی خاتون نے 2015 میں پاکستانی شہری سے شادی کی تھی۔

ممبئی سے تعلق رکھنے والی ایک بھارتی شہری فرزانہ بیگم اس وقت پاکستان میں اپنے بچوں کی کسٹڈی  حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کررہی ہیں۔

فرزانہ بیگم نے 2015 میں ابوظبی میں ایک پاکستانی شہری مرزا مبین الٰہی سے شادی کی تھی، بعد ازاں یہ جوڑا 2018 میں پاکستان آیا اور ان کے دو بیٹے ہیں جن کی عمریں 7 اور 6 سال ہیں۔

فرزانہ کا کیس اس وقت منظرِ عام پر آیا جب انہوں نے اپنے بیٹوں کی تحویل اور اپنے بیٹوں کے نام پر کچھ جائیدادوں کے تنازع کے باعث مبینہ طور پر اپنے شوہر پر تشدد کیا۔

فرزانہ کے شوہر کا دعویٰ ہے کہ وہ انہیں طلاق دے چکے ہیں لیکن وہ اس دعوے کو یہ کہتے ہوئے مسترد کرتی ہیں کہ 'اگر انہیں طلاق دے دی گئی ہے تو اس کا کوئی سرٹیفکیٹ ہونا چاہیے'۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جائیداد کے تنازع پر میری اور میرے بچوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں، میں رحمان گارڈنز، لاہور میں اپنے گھر تک محدود ہوں اور میرے بچے بھوک سے نڈھال ہیں۔

فرزانہ نے اپنے بیٹوں کے بغیر اپنے آبائی ملک جانے سے انکار کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے کیس کے حل ہونے تک اسے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'لاہور میں کچھ جائیدادیں ہیں جو میرے بیٹوں کے نام پر ہیں جبکہ میرا اور میرے بچوں کے پاسپورٹ بھی میرے شوہر کے پاس ہیں'-

خیال رہے کہ فرزانہ مبین الٰہی کی دوسری بیوی ہیں۔

مبین الٰہی کی پہلے سے ہی ایک پاکستانی بیوی اور بچے ہیں، جن پر فرزانہ نے الزام لگایا ہے کہ وہ انہیں بھارت واپس بھیجنے اور جائیدادوں کا کنٹرول چھیننے کے لیے سازش کررہی ہوں اور دھمکا رہی ہیں۔

 فرزانہ اس بات پر مصر ہیں کہ وہ اپنے بیٹوں کے بغیر واپس بھارت نہیں جائیں گی جبکہ ان کے شوہر مبین الٰہی اس سارے معاملے پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ میں جانتی ہوں کہ مبین الٰہی عمل میں تاخیر کر رہا ہے تاکہ میرا ویزا ختم ہو جائے اور میں پاکستان چھوڑنے پر مجبور ہوں لیکن میں اپنے بیٹوں کے بغیر نہیں جاؤں گی۔

فرزانہ اپنے شوہر کے اس الزام کو بھی مسترد کرتی ہیں کہ انہوں نے اس پر تشدد کیا، ان کا کہنا ہے کہ مبین اپنے بیٹوں کی تحویل اور پاکستان میں ان کی جائیدادوں پر قبضے کے مسئلے سے جان چھڑانے کیلئے ان پر جھوٹے الزام لگا رہے ہیں۔

تازہ ترین