وائرل اسٹوریز

ویڈیو، دبئی پولیس نے بلّی کو بچا کر سب کے دل جیت لیے

دبئی پولیس اہلکار، سیلابی ریلے میں بہنے والی بلّی کو بچا کر 'ہیرو' بن گئے

Web Desk

ویڈیو، دبئی پولیس نے بلّی کو بچا کر سب کے دل جیت لیے

دبئی پولیس اہلکار، سیلابی ریلے میں بہنے والی بلّی کو بچا کر 'ہیرو' بن گئے

بّلی نے ایک گاڑی کے دروازے کا ہینڈل اپنے آگے کے دو پیروں سے پکڑ رکھا ہے اور گاڑی کے ساتھ بہتی جارہی ہے

متحدہ عرب امارات میں طوفانی بارش کے بعد دبئی پولیس نے سیلابی ریلے میں بہنے والی بلّی کو  ریسکیو کر کے سب کے دل جیت لیے۔

متحدہ عرب امارات میں 16 اپریل کو بادل جم کر برسے اور اس طوفانی بارش نے  امارات  میں گزشتہ 75 سالہ تاریخ میں ہونے والی بارشوں کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا۔

16 اپریل کو رات 9 بجے سے وقفے وقفے سے ہونے والی موسلا دھار بارشوں نے متحدہ عرب امارات میں سڑکیں، مالز اور ایئرپورٹ پانی سے بھر دیے اور ملکی صورتحال کے پیشِ نظر حکام نے شہریوں سے گھروں میں رہنے کی درخواست کی۔

علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات میں حکومت کی جانب سے اسکولز اور دفاتر بھی بند کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے۔

جہاں یہ طوفانی بارش نظام زندگی پوری طرح مفلوج کرگئی وہیں اس بارش نے جانوروں کو بھی مشکل سے دوچار کردیا۔

سوشل میڈیا پر دبئی میں نظامِ زندگی درہم برہم ہوجانے کی متعدد ویڈیوز زیرِ گردش ہیں جبکہ ساتھ ساتھ دبئی پولیس کی بہترین کارردگی بھی چرچوں میں ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دبئی پولیس کے اہلکار اس موسم میں دن رات عوام کی مدد کرنے میں مصروف ہیں۔

علاوہ ازیں ایک ویڈیو جس کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بے حد پسند کیا جارہا ہے وہ سیلابی ریلے میں بہنے والی بلّی کی ہے۔

مذکورہ ویڈیو دبئی پولیس کے ایکس اکاؤنٹ پر دیکھی جاسکتی ہے جو پہلے دبئی میڈیا آفس کے ہینڈل پر شیئر کی گئی۔

اسکرین گریب
اسکرین گریب

مذکورہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بلّی سیلابی ریلے میں بہہ رہی ہے جبکہ خود کو ڈوبنے سے بچانے کیلئے بّلی نے ایک گاڑی کے دروازے کا ہینڈل اپنے آگے کے دو پیروں سے پکڑ رکھا ہے اور گاڑی کے ساتھ بہتی جارہی ہے۔

اسکرین گریب
اسکرین گریب

اپنی زندگی کو بچانے کیلئے سیلابی ریلے سے لڑنے والی اس بلّی کی مدد دبئی پولیس کے اہلکاروں نے کی اور اس کے قریب پہنچ کر اسے پکڑ کر اپنی الیکٹرک بوٹ میں بٹھا لیا۔

پہلے بلّی کچھ خائف نظر آئی لیکن پھر پولیس اہلکاروں کے ارادے کو سمجھ کر  مانوس ہوگئی اور کشتی سے باہر سیلابی ریلے کو گزرتا ہوا دیکھنے لگی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو پر صارفین محبت کی برسات کرتے دکھ رہے ہیں اور خاص طور پر جانوروں سے محبت کرنے والے افراد کے دلوں میں بلّی کی مدد کرنے والے پولیس اہلکاروں نے خاص مقام حاصل کرلیا ہے۔

تازہ ترین