خواتین

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کی تاریخ میں پہلی خاتون وائس چانسلر مقرر

پروفیسر شازیہ بشیر یونیورسٹی کی تیسری قائم مقام وائس چانسلر ہیں۔

Web Desk

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کی تاریخ میں پہلی خاتون وائس چانسلر مقرر

پروفیسر شازیہ بشیر یونیورسٹی کی تیسری قائم مقام وائس چانسلر ہیں۔

پروفیسر شازیہ 1996 سے جی سی یو سے وابستہ ہیں۔
پروفیسر شازیہ 1996 سے جی سی یو سے وابستہ ہیں۔

حکومت پنجاب نے لاہور کے قدیم تعلیمی ادارے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی  (جی سی یو) میں پہلی مرتبہ ایک خاتون کو سربراہ مقرر کردیا۔

یونیورسٹی کی 160 سالہ تاریخ میں پہلی خاتون پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر  گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کی قائم مقام وائس چانسلر بن گئی ہیں۔

 پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر  1996 سے  جی سی یو لاہور سے وابستہ  ہیں اور یونیورسٹی کے شعبہ ریاضی اور فزیکل سائنسز کی ڈین بھی رہ چکی ہیں۔

 انہوں نے جی سی یو سے ہی فزکس میں ماسٹرز کی ڈگری جبکہ ایم فل یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور اور پی ایچ ڈی کی ڈگری آسٹریا کی ٹیکنیکل یونیورسٹی ویانا سے حاصل کی۔

گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے ڈاکٹر شازیہ بشیر کو 4 ماہ یا باقاعدہ چانسلر کی تعیناتی تک کے لیے قائم مقام چانسلر مقرر کیا۔

 یہ تقرر ایسے وقت میں کیا گیاکہ جب پنجاب کی پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں قیادت کا بحران ہے۔

صوبے کے کم از کم 29  تعلیمی ادارے اس وقت مستقل وائس چانسلز کے بغیر کام کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے تعلیمی اور انتظامی مسائل پیدا ہورہے ہیں۔

صوبے میں قائم 34 سرکاری یونیورسٹیوں کے معاملات ہائر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ (ایچ ای ڈی) کے پاس ہیں، 22 یونیورسٹیوں میں مستقل وائس چانسلرز کی میعاد ڈیڑھ سال قبل اور 4 دیگر میں اس عہدے کی مدت تقریباً 6 ماہ پہلے ختم ہوچکی ہے۔

 اس کے علاوہ حکومت کی جانب سے قائم کردہ تین نئی جامعات بھی وائس چانسلرز کے تقرر کی منتظر ہیں۔

صوبے کی کئی یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز، رجسٹرار، خزانچی اور کنٹرولر امتحانات سمیت اہم ترین آسامیاں خالی پڑی ہیں۔

پروفیسر شازیہ بشیر  بھی جی سی یو کی تیسری قائم مقام وائس چانسلر ہیں، کیونکہ پنجاب حکومت ایک بار پھر صوبے کی یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز کی خالی آسامیوں کے بڑے مسئلے سے نمٹنے میں اب تک ناکام ہے۔

تازہ ترین