’سونے کی اسمگلنگ‘، انڈیا میں افغان قونصل جنرل عہدے سے مستعفی
25 کلو سونا اسمگل کرنے کے الزام کے بعد افغان قونصل جنرل نے استعفیٰ دے دیا
بھارت کے شہر ممبئی میں تعینات افغانستان کی قونصل جنرل ذکیہ وردک نے تقریباً 18 کروڑ انڈین روپے کا 25 کلو سونا انڈیا میں اسمگل کرنے کے الزامات کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ذکیہ وردک کو چند روز قبل ممبئی کے ہوائی اڈے پر دبئی سے “25 کلو گرام” سونا اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تاہم کچھ ہی دیر بعد انہیں رہائی مل گئی۔
گرفتاری اور اسمگلنگ کے الزامات کے بعد ہندوستان میں سب سے سینئر افغان سفارت کار ذکیہ وردک نے اپنے فیصلے کو "ذاتی حملوں اور بدنامی" اور "اس نظام میں واحد خاتون نمائندہ کو غیر منصفانہ طور پر نشانہ بنانے والے عوامی بیانیہ" کو قرار دیا۔
اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کے اپنے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے ذکیہ وردک نے کہا کہ ’گزشتہ ایک سال کے دوران مجھے متعدد ذاتی حملوں اور بدنامی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور نہ صرف مجھے بلکہ میرے قریبی خاندان اور رشتہ داروں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ان بظاہر منظم حملوں نے میری صلاحیت کو بری طرح متاثر کیا ہے اور افغان معاشرے میں ان خواتین کو درپیش چیلنجز کو ظاہر کیا ہے جو اپنے خلاف ہونے والے پروپیگنڈہ مہمات کے درمیان مثبت تبدیلی لانے کی کوشش کرتی ہیں۔‘
سفارت کار نے کہا کہ اگرچہ ان پر حملے حیران کن نہیں تھے کیونکہ وہ عوامی زندگی میں ہیں، لیکن وہ اپنے قریبی لوگوں پر ہونے والے اثرات کے لیے تیار نہیں تھیں۔
’ان حملوں کی مستقل اور مربوط نوعیت، جن کا مقصد میرے کردار کو بدنام کرنا اور میری کوششوں کو نقصان پہنچانا تھا، ایک قابل برداشت حد سے آگے نکل گیا ہے۔ یہ واضح ہو گیا ہے کہ عوامی بیانیہ اس نظام کے اندر واحد خاتون نمائندہ کو غیر منصفانہ طور پر نشانہ بنا رہا ہے، بجائے اس کے کہ اس پر توجہ مرکوز کی جائے۔‘
انہوں نے مزیدکہاکہ ، "میں مخلصانہ طور پر ایسے مستقبل کی امید رکھتی ہوں جہاں قائدانہ کردار میں خواتین کی حمایت اور احترام کیا جائے، جہاں ترقی کے مواقع دشمنی اور بدنامی کا سامنا کرنے کے بجائے قبول کیے جائیں۔ اس فیصلے کے باوجود مثبت تبدیلی کی وکالت کرنے کا میرا عزم اٹل ہے۔"
واضح رہے کہ ٹائمز آف انڈیا نے رپورٹ کیا کہ برآمد شدہ سونا ضبط کر لیا گیا ہے، لیکن محترمہ وردک کو گرفتار نہیں کیا گیا، کیونکہ انہیں سفارتی استثنیٰ حاصل ہے۔رپوٹ کے مطابق ضبط کیے گئے سونے کی مالیت 2.2 ملین ڈالر بتائی جاتی ہے۔



