وائرل اسٹوریز

سلمان خان نے ریتیک روشن کو 'ہیرو' بنانے میں کیسے مدد کی؟

سلمان خان کا یہ رویہ میرے دل کو چھو گیا تھا، ریتیک روشن

Web Desk

سلمان خان نے ریتیک روشن کو 'ہیرو' بنانے میں کیسے مدد کی؟

سلمان خان کا یہ رویہ میرے دل کو چھو گیا تھا، ریتیک روشن

بالی وڈ کے 2 بڑے سُپر اسٹارز، سلمان خان اور ریتیک روشن، نہ صرف اپنی اداکاری بلکہ اپنی شاندار فٹنس کے لیے بھی مشہور ہیں۔

اگرچہ دونوں اداکاروں نے مختلف دہائیوں میں فلمی دنیا میں قدم رکھا، لیکن ان کے درمیان ایک چیز قدر مشترک رہی اور وہ ہے فٹنس سے لگاؤ۔

لاکھوں نوجوانوں کے لیے فٹنس آئیکون بننے والے ان اداکاروں کی ایک پرانی مگر دلچسپ کہانی حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس میں ریتیک روشن نے انکشاف کیا کہ ان کے فلمی کریئر کے آغاز میں سلمان خان نے ان کی فٹنس ٹریننگ میں کس طرح مدد کی تھی۔

یہ ویڈیو سلمان خان کے مشہور ریئلٹی شو 'بگ باس' کے ایک ایپی سوڈ کی ہے، جس میں ریتیک روشن مہمان کے طور پر شریک ہوئے۔

شو کے دوران 'بگ باس' کے دیگر شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے ریتیک نے بتایا کہ جب ان کے والد، راکیش روشن، انہیں فلم 'کہو نا پیار ہے' میں بطور ہیرو لانچ کرنے جا رہے تھے، تب وہ جسمانی طور پر بہت کمزور اور دُبلے پتلے تھے، اس وقت انہیں اپنی جسمانی صحت بہتر بنانے کیلئے صرف ایک شخص کا خیال آیا اور وہ اداکار سلمان خان کے پاس پہنچ گئے۔

ریتیک کے مطابق انہوں نے سلمان خان سے رابطہ کیا اور اپنی جسمانی حالت کا ذکر کیا، سلمان خان نے نہ صرف تحمل سے ان کی بات سنی بلکہ انہیں اپنے ذاتی جم کی چابی دے دی اور کہا کہ 'اسے استعمال کرو، یہ تمہارا ہے'، ریتیک کا کہنا تھا کہ سلمان کا یہ رویہ ان کے دل کو بہت چھو گیا تھا۔

ریتیک نے مزید انکشاف کیا کہ سلمان خان اکثر انہیں رات 2 بجے فون کرتے اور کہتے کہ 'چلو، جم کرتے ہیں!'

ابتدا میں ریتیک حیران ہوتے کہ اتنی رات کو جم کیسے کریں، لیکن سلمان خان انہیں یقین دلاتے کہ مزہ آئے گا اور یوں ریتیک رات 2 بجے اپنے ورزش کے کپڑے پہن کر جم جا کر سلمان خان کے ساتھ ورزش کرتے۔

آج سلمان خان عمر کے جس حصے میں موجود ہیں، اس میں انہیں اکثر 'باڈی شیمنگ' کا نشانہ بنایا جاتا ہے، تاہم آج جب ریتیک روشن اگر ایک فٹنس آئیکون کے طور پر جانے جاتے ہیں، تو اس کے پیچھے سلمان خان کی ابتدائی رہنمائی کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

تازہ ترین