انفوٹینمنٹ

کرن جوہر نے عالیہ بھٹ کے ناقدین کو 'احمق' قرار دیدیا

پورا ملک جانتا ہے کہ عالیہ ہماری بہترین اداکاراؤں میں سے ایک ہے، کرن جوہر

Web Desk

کرن جوہر نے عالیہ بھٹ کے ناقدین کو 'احمق' قرار دیدیا

پورا ملک جانتا ہے کہ عالیہ ہماری بہترین اداکاراؤں میں سے ایک ہے، کرن جوہر

(اسکرین گریب)
(اسکرین گریب)

معروف فلمساز کرن جوہر نے اداکارہ عالیہ بھٹ پر ہونے والی تنقید پر دو ٹوک جواب دیتے ہوئے ناقدین کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

کرن جوہر کا کہنا ہے کہ عالیہ بھٹ کی فلمی کارکردگی کو دیکھنے کے بعد بھی اگر کوئی اسے 'نیپو کڈ (Nepotism kid)' کہے تو وہ انتہائی بے وقوف ہے۔

وہ حال ہی میں 'گلاٹہ پلس' کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اُس وقت عالیہ بھٹ کی حمایت میں سامنے آئے جب اُن سے سوال کیا گیا کہ کیا واقعی ان کی 'دھرما ٹیلنٹ ایجنسی' میں صرف اسٹار کڈز (بڑے باپ کی اولادوں) کو مواقع دیے جاتے ہیں؟

اس پر کرن جوہر نے کہا کہ 'یہ بالکل غلط تاثر ہے، خدارا آ کر ہماری کاسٹنگ فہرست دیکھیں، کیا آپ نے 'ہائی وے'، 'اڑتا پنجاب'، 'راضی'، 'گنگوبائی' دیکھی ہیں؟ صرف اس (عالیہ) کی فلموگرافی پر ایک نظر ڈالیں، اگر اس کے بعد بھی آپ اسے نیپو کڈ کہتے ہیں تو آپ اس دھرتی کے سب سے احمق انسان ہیں، اور کوئی آپ کو مطمئن نہیں کر سکتا'۔

یاد رہے کہ اس سے قبل کرن جوہر کے شو 'کافی ود کرن' کے حالیہ سیزن میں بھی ناظرین بارہا عالیہ کو مرکزِ نگاہ بنانے پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا چکے ہیں۔

سوشل میڈیا پر صارفین نے شکایت کی کہ کرن ہر موقع پر عالیہ کو 'ملک کی بہترین اداکارہ' ثابت کرنے پر تُلے رہتے ہیں۔

تاہم کرن نے اس تنقید پر وضاحت دیتے ہوئے' ای ٹائمز' کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ 'عالیہ وہ پہلی شخصیت ہے جس کے لیے میرے دل میں والدین جیسے جذبات پیدا ہوئے، میں اس سے بے انتہا محبت کرتا ہوں اور پورا ملک جانتا ہے کہ وہ ہماری بہترین اداکاراؤں میں سے ایک ہے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'جب وہ (عالیہ) مجھے کوئی خوشخبری سناتی ہے تو میں جذباتی ہو جاتا ہوں کیونکہ میں اس کے لیے والد کی مانند ہوں، میں کیوں دکھاوا کروں؟ مجھے اس سے محبت ہے اور میں یہ ہمیشہ کہتا رہوں گا'۔

عالیہ اور کرن کا قریبی تعلق

عالیہ بھٹ اور کرن جوہر کے درمیان تعلق صرف پیشہ ورانہ نہیں بلکہ ذاتی اور جذباتی بنیادوں پر بھی استوار ہے۔

کرن نے عالیہ کو 2012 میں' اسٹوڈنٹ آف دی ایئر' کے ذریعے لانچ کیا، جس کے بعد دونوں نے متعدد فلموں میں ایک ساتھ کام کیا جن میں' ٹو اسٹیٹس'، 'ہمپٹی شرما کی دلہنیا'، 'کپور اینڈ سنز'، 'ڈیئر زندگی'، 'راضی'، 'کلنک'، 'برہمسترا' اور 'راکی اور رانی کی پریم کہانی' شامل ہیں۔

کرن کی پروڈکشن میں بنی عالیہ کی آخری فلم 'جِگرا' تھی، جو باکس آفس پر وہ پذیرائی حاصل نہ کر سکی جس کی توقع کی جا رہی تھی، مگر اس کے باوجود کرن کا اعتماد اور محبت عالیہ کے لیے برقرار ہے۔