فلم / ٹی وی

'3 ایڈیٹس' کا آئیکونک 'کنفیشن سین' حقیقت پر مبنی نکلا

راجکمار ہیرانی کا 'تھری ایڈیٹس' سے متعلق اہم انکشاف

Web Desk

'3 ایڈیٹس' کا آئیکونک 'کنفیشن سین' حقیقت پر مبنی نکلا

راجکمار ہیرانی کا 'تھری ایڈیٹس' سے متعلق اہم انکشاف

راجکمار ہیرانی نے اپنی زندگی سے متعلق اہم انکشاف کردیا
راجکمار ہیرانی نے اپنی زندگی سے متعلق اہم انکشاف کردیا

بھارتی معروف فلمساز راجکمار ہیرانی نے فلم 'تھری ایڈیٹس' کے ایک آئیکونک سین کی حقیقت پر سے پردہ ہٹاتے ہوئے اہم انکشاف کردیا۔

راجکمار ہیرانی نے حال ہی میں کلکتہ میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر بات کی تاہم فلم 'تھری ایڈیٹس' سے متعلق کیا گیا ان کا انکشاف سب کی توجہ کا مرکز بن گیا۔

راج کمار ہیرانی نے بتایا کہ ' فلم تھری ایڈیٹس میں دکھایا گیا سین جس میں اداکار آر مادھون بطور فرحان قریشی اپنے والد کے سامنے یہ انکشاف کرتے ہیں کہ وہ وائلڈ لائف فوٹوگرافی کرنا چاہتا ہے اور انہیں انجینئر بننے کا شوق نہیں ہے وہ سین ان کی اپنی زندگی سے لیا گیا'۔

فلمساز نے بتایا کہ ' وہ انجینئر بننا چاہتے تھے لیکن اپنے ایک انکل کے مشورے کو مانتے ہوئے انہوں نے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ بننے کا فیصلہ کرتے ہوئے سی اے میں داخلہ لے لیا لیکن پھر انکو یہ احساس ہوا کہ انکو اس شعبے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے'۔

راجکمار ہیرانی نے بتایا کہ ' میں نے اپنے والد کے سامنے اسی طرح اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ بننے کا شوق نہیں رکھتا اور میں آپ کو بتا نہیں سکتا کہ والد کے سامنے اس بات کا خلاصہ کرنے کے بعد میرا دل کتنا ہلکا ہوگیا تھا اور اس کے بعد میں صبح والد کے ساتھ کام کرتا اور شام میں پلیز کا حصہ بنتا تھا'۔

یاد رہے کہ 24 دسمبر 2009 کو سنیما گھروں کی زینت بننے والی فلم 'تھری ایڈیٹس' میں عامر خان، شرمن جوشی، آر مادھون، بومن ایرانی اور کرینہ کپور نے اپنی بہترین اداکاری کے جوہر دکھائے اور اسٹوڈنٹ لائف پر مبنی اس کہانی کو حقیقت کا روپ دے دیا۔

اس فلم کی کہانی راجکمار ہیرانی، ویدھو ونود چوپڑا اور ابھیجت جوشی نے لکھی جو ایسے طالبعلموں کی زندگیوں کی منظرکشی کر رہی تھی جو فیملی کے پریشر کے سبب مشکلات کا شکار ہوجاتے ہیں اور پریشر میں آکر خودکشی کرنے کو زیادہ آسان سمجھتے ہیں۔