مشی خان کی مرد ماڈلز کے بیہودہ لباس پر تنقید
مردوں کو مرد ہی رہنے دیں
سابقہ پاکستانی اداکارہ و میزبان مشی خان نے حال ہی میں ہونے والے ہم اسٹائل ایوارڈز شو میں مرد ماڈلز کے ملبوسات پر شدید تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ڈیزائنرزلڑکوں کو لڑکا ہی رہنے دیں۔
ہم اسٹائل ایوارڈز شو دو دن قبل کراچی میں منعقد ہوا تھا، جہاں شوبز شخصیات سمیت مرد ماڈلز منفرد لباس پہن کر شریک ہوئے تھے۔
ہم اسٹائل ایوارڈز کی شوبز شخصیات سمیت ماڈلز کی منفرد لباس و عجیب غریب فیشن ایبل ملبوسات کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہونے پر جہاں سوشل میڈیا صارفین نے اظہار برہمی کیا تھا، وہیں بعض شوبز و سیاسی شخصیات نے بھی فیشن ڈیزائنرز کو آڑے ہاتھوں لیا تھا۔
اسی طرح سینیئر اداکارہ مشی خان نے بھی فیشن ڈیزائنرز اور مرد ماڈلز کو منفرد لباس پہننے اور ہونٹوں پر لپ اسٹک سجانے پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ یہ لوگ کس ایجنڈا پر کام کر رہے ہیں؟
مشی خان نے انسٹاگرام پر مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے فیشن ڈیزائنر کو آڑے ہاتھوں لیا اور ان پر خوب تنقید کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ایک مرد ماڈل نے عجیب سا لباس پہن رکھا تھا، اس کی شرٹ پیچھے سے کھلی تھی جب کہ انہوں نے ہونٹوں پر لپ اسٹک سجا رکھی تھی۔
انہوں نے کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آ رہا کہ فیشن ڈیزائنرز پاکستانی مردوں اور لڑکوں کے لیے اس طرح کا لباس کیوں تیار کر رہے ہیں؟ پاکستان میں کون سا لڑکا اس طرح کا لباس پہنتا ہے؟
مشی خان کا کہنا تھا کہ فیشن ڈیزائنرز اور شو منتظمین لڑکوں کو لڑکا ہی رہنے دیں تو اچھا ہے، انہیں سمجھ نہیں آ رہا کہ ایسے لوگ کس ایجنڈا پر کام کر رہے ہیں؟
مشی خان کی جانب سے مرد ماڈلز کے لباس پر تنقید کیے جانے اور مردوں کے لباس کو نامناسب قرار دیے جانے پر زیادہ تر صارفین نے ان کی بات سے اتفاق کیا اور ان کی تعریفیں بھی کیں کہ انہوں نے بیہودگی پھیلانے والے کلچر کے خلاف آواز اٹھائی۔