پاکستان

فواد چوہدری کا دبئی لیکس کے انکشافات پر دلچسپ تبصرہ

الحمدللہ! پاکستانی عوام ایک بار پھر مایوس نہیں ہوئی، فواد چوہدری

Web Desk

فواد چوہدری کا دبئی لیکس کے انکشافات پر دلچسپ تبصرہ

الحمدللہ! پاکستانی عوام ایک بار پھر مایوس نہیں ہوئی، فواد چوہدری

فواد چوہدری اپنی بیان بازی کے لیے کافی مشہور ہیں۔
فواد چوہدری اپنی بیان بازی کے لیے کافی مشہور ہیں۔

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری اپنی بیان بازی کے لیے خاصے معروف ہیں، حالانکہ وہ فی الحال عملی سیاست سے دور ہیں تاہم ملک کی صورتحال پر بھرپور تبصرے کرتے رہتے ہیں۔

ایسا ہی انہوں نے متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں پاکستانیوں کی جائیدادوں سے متعلق انکشافات سامنے آنے پر کیا۔

عالمی سطح کے ایک تفتیشی صحافتی پروجیکٹ کی دستاویزات کے مطابق دبئی میں مبینہ طور جائیدادیں چھپانے والوں میں پاکستان سمیت دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں۔

دبئی میں رہائشی جائیداد کی خرید و فروخت میں ملوث غیر ملکیوں میں پاکستان کا چوتھا نمبر ہے اور پاکستانی شہریت والے 17 ہزار مالکان کی دبئی میں 23 ہزار جائیدادیں ہیں۔

یوں دبئی کے ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں پاکستانیوں کی مجموعی سرمایہ کاری کا حجم تقریباً ساڑھے 12 ارب ڈالر ہے۔

ان پاکستانیوں میں دیگر اہم شخصیات کے علاوہ صدر مملکت آصف زرداری کے تینوں بچوں بلاول، آصفہ اور بختاور بھٹو زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیٹے حسین نواز کا نام نمایاں ہے۔

اسکرین گریب/ایکس
اسکرین گریب/ایکس

اس پر تبصرہ کرتے ہوئے فواد چوہدری نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’دنیا میں کوئی بھی مالیاتی اسکینڈل ہو اور اس میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے نام شامل نہ ہوں یہ ممکن ہی نہیں‘۔

پوسٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ ’الحمدللہ ایک دفعہ پھر پاکستانی عوام کو کوئی مایوسی نہیں ہوئی، 11 ارب ڈالر کی پراپرٹیز میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ کے نام جگمگا رہے ہیں۔ْ

اس سے قبل جب 2016 میں پاناما لیکس نامی دستاویزات میں ٹیکس چھپانے کے لیے بنائی گئی آف شور کمپنیوں سے متعلق تفصیلات سامنے آئی تھیں ان میں بھی ان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا نام شامل تھا۔

جس کے بعد مشہور زمانہ پانامہ لیکس کیس بھی سپریم کورٹ میں چلا تھا جس کا انجام نواز شریف کی وزارت عظمٰی سے محرومی کی صورت میں نکلا تھا۔

تازہ ترین