پاکستانی فنکاروں کو بھی ’ٹک ٹاک اسٹار‘ بننے کا جنون
ربیکا خان بھارت میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے فن کار کاشف خان کی صاحبزادی ہیں
ٹک ٹاک کی ویڈیوز چھوٹی اور مزے دار ہوتی ہیں، اس لیے ایک کے بعد دوسری ویڈیو لوگوں کی توجہ حاصل کرلیتی ہے۔ مداحوں کو زیادہ سے زیادہ تفریح پہنچانے کے لئے اداکاروں کو ٹک ٹاک کی لت بھی لگ چکی ہے۔
شگفتہ اعجاز، ژالے سرحدی، جویریہ سعود سمیت کئی فنکار ٹک ٹک ویڈیوز اپ لوڈ کررہے ہیں۔ یہی نہیں شوبز فنکاروں کے بچے بھی اپنا ٹیلنٹ دُنیا کو دکھا رہے ہیں۔
ٹک ٹاک اسٹار ربیکا خان بھارت میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے فن کار کاشف خان کی صاحبزادی ہیں
ان کے فالوورز کی تعداد 5 ملین یعنی 50 لاکھ ہے۔ ربیکا خان کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر کروڑوں میں لائکس آتے ہیں۔ رومیسہ خان معروف کامیڈین اور ٹی وی اسٹار تنویر اختر خان کی بیٹی ہیں۔
رومیسہ خان بھی اپنے مرحوم والد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے مزاحیہ اداکاری کرکے مداحوں کو خوب ہنساتی ہیں۔ انہیں 49 لاکھ صارفین نے فالو کیا ہوا ہے۔
ٹک ٹاک پر دلچسپ ویڈیوز بناکر تفریح فراہم کرنے والے سرخاب خلیل 2020 ء کے مقبول ترین ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تُم ہو‘ کے خالق خلیل الرحمٰن قمر کے صاحبزادے ہیں۔
سرخاب خلیل ٹک ٹاک پر کافی مقبول ہیں، ان کے فالوورز کی تعداد لاکھوں میں ہے۔ لاکھوں دلوں پر راج کرنے والے معروف قوال امجد صابری کی صاحبزادی حورین صابری بھی ٹک ٹاک پر کافی مقبول ہیں۔
ماضی میں صحافی اسٹارز اور مداحوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے تھے مگر سوشل میڈیا نے اسٹارز اور مداحوں کے درمیان براہ راست رشتہ پیدا کردیا۔
یہ دہائی سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں کو راتوں رات شہرت کی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے بھی یاد کی جائے گی۔
ان میں سرِفہرست ہیں پاکستان کی سوشل میڈیا اسٹار قندیل بلوچ، جنہیں سوشل میڈیا نے جہاں شہرت دلوائی وہیں ان کے اسکینڈل نے انہیں متنازع شخصیت بھی بنا دیا جو بالآخر ان کی موت کی وجہ بنا۔
آج کل ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ یکے بعد دیگر آنے والے اسکینڈلز کے باعث سوشل میڈیا پر زیر بحث رہتی ہیں۔
پارٹی گرل دنانیر مبین کو بھلا کون بھول سکتا ہے جنہوں نے سوشل میڈیا سے شہرت حاصل کرکے ڈراموں میں قدم رکھا۔
انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز ڈرامہ سیریل ’صنف آہن‘ سے کیا جس کے بعد’محبت گمشدہ میری‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
اسی طرح ٹک ٹاکر عائشہ نے اپنی دوست کی شادی میں سدا بہار گانے ’میرا دل یہ پکارے آ جا’پر ایسا ڈانس کیا کہ دیکھنے والے دیکھتے ہی رہ گئے۔
عائشہ کے ڈانس کی ویڈیو کو نہ صرف پاکستان بلکہ ہمسایہ ملک بھارت میں بھی بےحد پذیرائی ملی تھی۔





