علی ظفر بھی ’کانز فلم فیسٹیول‘ میں شریک، دلکش لُک وائرل
علی ظفر کی خاموشی سے ’کانز فلم فیسٹیول‘ میں شرکت
دنیا کے سب سے بڑے فلم فیسٹیول ’کانز‘ میں پاکستانی گلوکار علی ظفر کی شرکت نے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی۔
فرانس کے شہر کانز میں 15 مئی سے 77ویں کانز فلم فیسٹیول کا آغاز ہوا جس میں دنیا بھر سے معروف شخصیات مدعو کیے گئے۔
اگرچہ بھارت اور دیگر ممالک میں ان کے سیلیبریٹیز کی کانز میں شرکت کے خوب چرچے ہورہے ہیں لیکن پاکستان میں آدھے سے زیادہ لوگوں کو معلوم ہی نہیں کہ اس سال پاکستان کی جانب سے کانز میں کون کون مدعو ہے۔
چند روز قبل علی ظفر نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو جاری کی جس میں وہ ایک سر سبز جنگل نما مقام میں بارش سے لطف اندوز ہوتے نظر آئے اور انہوں نے ویڈیو میں یہ بھی کہا کہ ’جب کوئی انسان سفر پر نکلے تو سب سے بہترین یہی ہے کہ وہ قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہو‘۔
اس پوسٹ کے کیپشن میں علی ظفر نے اس گم نام مقام سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے ’ فرانس، کانز میں پہلا دن‘ لکھا۔
16 مئی علی ظفر نے انسٹاگرام پر ایک اور پوسٹ جاری کی جس میں وہ سفید شرٹ و ڈینم میں کانز کے ایک دلکش مقام پر پوز دیتے اور اپنی اہلیہ کے ساتھ یادگار لمحات گزارتے نظر آئے۔
اس پوسٹ کے کیپشن باکس میں سورج اور بادل والا ایموجی بناتے ہوئے لاکیشن کے خانے میں ’کانز‘ لکھا جس کے بعد علی ظفر نے انسٹاگرام اسٹوری جاری کی جس میں انکا کانز میں لیا گیا لُک دیکھا جاسکتا ہے۔
علی ظفرکی جانب سے جاری کی گئی تصویر میں انہیں نیلے کوٹ کے ساتھ سیاہ پینٹس پہنے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ ان کے ساتھ انکی اہلیہ سیاہ گاؤن پہنی نظر آرہی ہیں۔
انسٹاگرام اسٹوری پر کچھ لکھنے کے بجائے علی ظفر نے سفید دل والے ایموجی کا استعمال کیا اور کانز کی لاکیشن کو بھی مینشن کیا۔
علاوہ ازیں علی ظفر نے ایک اور اسٹوری بھی شیئر کی جس میں وہ لفٹ میں مرر سیلفی لے رہے ہیں جبکہ ان کے ساتھ کھڑی دونوں شخصیات ایک دوسرے کو دیکھ رہی ہیں۔
اگرچہ سوشل میڈیا پر تاحال علی ظفر کی کانز میں شرکت کی کوئی بھی تصویر جاری نہیں ہوئی ہے لیکن گلوکار فرانس میں کانز فیسٹیول میں شرکت کی اپنی جانب سے تصدیق کرچکے ہیں۔
علی ظفر کی جانب سے کانز فلم فیسٹیول میں شرکت کے انکشاف نے ان کے مداحوں کو خوش کردیا ہے اور وہ ان کے تمام لُکس کو دیکھنے کیلئے بے صبر ہو رہے ہیں۔




