پاکستان

'نیا دن، نئی وردی' مریم نواز کی ایلیٹ فورس کے یونیفارم میں تصاویر وائرل

مریم نواز نے کہا یہ وردی نہیں قوم کی خدمت ہے۔

Web Desk

'نیا دن، نئی وردی' مریم نواز کی ایلیٹ فورس کے یونیفارم میں تصاویر وائرل

مریم نواز نے کہا یہ وردی نہیں قوم کی خدمت ہے۔

(فوٹو: ایکس/پی ایم ایل این)
(فوٹو: ایکس/پی ایم ایل این)

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب پولیس کے بعد ایلیٹ فورس کی وردی بھی پہن لی اور ایک بار پھر موضوعِ گفتگو بن گئیں۔

لاہور کے بیدیاں ٹریننگ سنٹر میں ایلیٹ فورس پنجاب کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایلیٹ فورس کی وردی پہن کر شرکت کی۔

تقریب میں صوبائی کابینہ کے ارکان اور آئی جی پنجاب بھی شریک ہوئے، وزیراعلیٰ پنجاب نے پریڈ کا معائنہ بھی کیا۔

بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایلیٹ فورس پنجاب کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بطور وزیراعلیٰ آپ کی پاسنگ آؤٹ دیکھ کرحوصلہ ملا، میں آپ ہی میں سے ہوں، آپ کی یونیفارم پہن کر آئی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک وردی نہیں ہے، آپ قوم کے اُن چند خوش قسمت بیٹوں بیٹیوں میں سے ہیں جنہیں یہ وردی پہننا نصیب ہوئی ہے کیونکہ یہ وردی نہیں ہے بلکہ یہ قوم کی خدمت ہے۔

یاد رہے کہ اِس سے قبل گزشتہ ماہ اپریل میں خواتین پولیس ریکروٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں بھی وزیر اعلیٰ پنجاب نے پولیس کی وردی زیب تن کی تھی جس پر اُن کے سیاسی مخالفین کی جانب سے انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔

اپوزیشن نے مریم نواز کے اِس عمل پر تنقید کرتے ہوئے اسے عہدے کا ناجائز استعمال اور وردی پہننا خلاف قانون قرار دیا تھا، اِس عمل پر مریم نواز کے خلاف اندراج مقدمہ کی کئی درخواستیں بھی دائر کی گئی تھیں۔

تنقید کے جواب میں پنجاب پولیس کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا تھا جس میں وضاحت کی گئی تھی کہ پنجاب پولیس ڈریس ریگولیشنز کے تحت وزیراعلیٰ مریم نواز پولیس وردی پہننے کی اہل ہیں۔

پنجاب پولیس نے اپنے 'ایکس' اکاؤنٹ پر مریم نواز کی پولیس یونیفارم میں تصویر کے ساتھ 30 جنوری 2024 کو جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن بھی شیئر کیا تھا جس کے تحت ’پنجاب پولیس ڈریس ریگولیشنز‘ میں ترمیم کی گئی ہے۔

ترمیم کے مطابق پولیس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے پنجاب کے گورنر اور وزیراعلیٰ پریڈ وغیرہ جیسے رسمی مواقع پر وردی پہن سکتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ نوٹیفکیشن پنجاب کے سابق نگران ویراعلیٰ محسن نقوی کے دور میں آئی جی پولیس ڈاکٹر عثمان انور کے دستخط سے جاری ہوا تھا۔

اس وضاحت کے باوجود اُن کی تازہ تصاویر وائرل ہونے کے بعد تنقید کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا ہے۔

رہنما شہباز گل نے ایلیٹ فورس کی وردی میں مریم نواز کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا 'آپکی خدمت میں ایک اور ڈرامہ پیش۔'

(فوٹو: ایکس/شہباز گل)
(فوٹو: ایکس/شہباز گل)


تازہ ترین