وائرل اسٹوریز

ارشد وارثی اور اکشے کمار کی موٹر سائیکل پر سیر

اکشے نے یادگار ویڈیو پوسٹ کر ڈالی۔

Web Desk

ارشد وارثی اور اکشے کمار کی موٹر سائیکل پر سیر

اکشے نے یادگار ویڈیو پوسٹ کر ڈالی۔

خطروں کے کھلاڑی مسٹر فٹ اکشے کمار نے فلم کی شوٹنگ کے دوران تفریح کرتے ہوئے ایک یادگار ویڈیو پوسٹ کر ڈالی۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں  2 بلٹ موٹر سائیکلز پر اکشے اور ارشد وارثی سڑک پر گھومتے پھرتے نظر آ رہے ہیں۔ اس یادگار سفر کے دوران یہ دونوں اداکار کبھی کھڑے ہو کر موٹر سائیکل چلاتے تو کبھی بیٹھ کر، بہر حال ویڈیو کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ خالی سڑک پر نوجوان لڑکوں کی طرح مستی کر کے یہ خوب لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

مذکورہ ویڈیو کو سوشل میڈیا کی زینت بناتے ہوئے اکشے کمار نے دلچسپ کیپشن تحریر کیا ، جس کے الفاظ کچھ یوں ہیںکہ،’ شوٹنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد دونوں جولیز ایک ساتھ راجھستان میں بہترین وقت گزارتے ہوئے۔’

اداکار اکشے کمار کی یہ ویڈیو اس وقت سوشل میڈیا پر خوب مقبول ہے اور اس کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ چند گھنٹوں میں اسے 2 لاکھ سے زائد لوگوں نے لائک کیا ہے۔

واضح رہے کہ پہلی فلم ’جولی ایل ایل بی’ سال 2013 میں ریلیز ہوئی تھی اور اس کا سیکوئل 2017 میں سینما گھروں کی زینت بنا۔ جبکہ اداکار اکشے کمار اور ارشد وارثی کی فلم ’جولی ایل ایل بی 3‘ کی شوٹنگ اجمیر کے ڈی آر ایم آفس سمیت آس پاس کے دیہاتوں اور علاقوں میں جاری ہے۔

علاوہ ازیں اس فلم کو ریلیز ہونے سے پہلے ہی قانونی مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔ 

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق سینئر قانون دان چندرابن سنگھ راٹھور نے اجمیر کی عدالت میں فلم کی ٹیم کے خلاف عدالتی نظام کی بے توقیری کی درخواست دی ہے۔

درخواست میں یہ مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مذکورہ فلم میں وکلاء اور ججوں کا مبینہ طور پر مذاق بنایا گیا ہے۔اجمیر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر چندرابن سنگھ راٹھور نے فلمسازوں کے خلاف شکایت درج کراتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ فلم فرنچائز نے بھارتی عدالتی نظام کا مذاق اڑایا ہے۔

تازہ ترین