حمزہ سہیل صرف اچھے دوست ہیں، شادی کا کوئی ارادہ نہیں، انمول بلوچ
انمول بلوچ نے اداکار حمزہ سہیل کو ڈیٹ کرنے کی خبروں کی تردید کردی۔
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ انمول بلوچ نے اداکار حمزہ سہیل کو ڈیٹ کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے شادی کی خبروں کو افواہ قرار دے دیا۔
انمول سے ایک انٹرویو کے دوران سوال کیا گیا کہ ‘صرف تم‘ کی شوٹنگ کے دوران جب یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ آپ اور حمزہ سہیل ایک دوسرے کو ڈیٹ کررہے ہیں تو اس وقت آپ دونوں کا کیا رد عمل تھا؟ اور کیا آپ دونوں نےکبھی اس حوالے سے سوچا؟
سوال کا جواب دیتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ ‘ نہیں ہم نے کبھی ان افواہوں کو سنجیدہ نہیں لیا بلکہ ہم ان افواہوں پر ہنستے تھے، حمزہ اور میں ایک دوسرے کو جانتے ہیں ،یہ بھی جانتے ہیں کہ ہمارے خاندان بہت مختلف ہیں اس لیے ہمارے مابین ایسا کچھ ہو ہی نہیں سکتا اور ہونا بھی نہیں چاہیے۔
ابمول نے مزید کہا کہ میرا ماننا یہ ہے کہ جہاں آپ کام کرتے ہیں وہاں بس کام ہی ہونا چاہیئے اس سے زیادہ کسی بھی چیز کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیےاور اسی لیے حنان اور عبیر کی آن ایئر جوڑی کے مداح ، انمول اور حمزہ کو مستقبل میں کبھی بحیثیت میاں بیوی ایک ساتھ نہیں دیکھ سکیں گے۔
واضح رہے انمول بلوچ ان دنوں جیو انٹرٹینمنٹ کے ڈرامے ‘شدت‘ میں نظر آرہی ہیں جس میں بطور ہیرو ان کےمدمقابل منیب بٹ ہیں۔