سعودی عرب میں سوئمنگ سوٹ کی نمائش، بلال قریشی سیخ پا
یہ دیکھ کر دل پھٹ رہا ہے
پاکستانی ڈراما انڈسٹری کے اداکار بلال قریشی نے سعودی عرب میں منعقد ہونے والے پہلے سوئمنگ سوٹ فیشن شو پر شدید برہمی کا اظہار کردیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر بلال قریشی نے اسٹوری اپڈیٹ کی جس میں انہوں نے اسلامی ملک ہونے کے ناطے غیر اخلاقی اور نازیبا لباس کی نمائش کیلئے اپنا ملک پیش کرنے پر سعودی حکومت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
اداکار نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ،’میں سعودی عرب میں پیدا ہوا اور وہیں پلا بڑا ہوں، میں نے وہاں اسلامی اصول اور ضوابط کی سخت پیروی ہوتے دیکھا ہے’۔
بلال قریشی کا مزید کہنا تھا کہ،’لیکن اب وہاں جو کچھ بھی ہورہا ہے وہ سب دیکھ کر دل دہل جاتا ہے’۔
یاد رہے کہ جمعہ کے روز سعودی عرب میں تیراکی کے لباس کی نمائش کیلئے ایک شو منعقد کیا گیا جس میں ماڈلز کو سوئمنگ سوٹ زیب تن کیے دیکھا گیا۔
پول سائیڈ شو میں مراکش کی ڈیزائنر یاسمینہ قنزل کے کام کی نمائش کی گئی اس میں زیادہ تر سرخ، خاکی اور نیلے رنگ کے شیڈز میں ون پیس سوٹ شامل تھے۔
دوسری جانب سعودی عرب جیسے مسلم ممالک کی جانب سے اس طرح کا فیشن شو منعقد کیے جانے پر سوشل میڈیا صارفین سمیت مسلم کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے لوگ شدید غم و غصے کا اظہار کرتے نظر آرہے ہیں۔