کھیل

'سنچری مار دی تو پاپا کی مرسڈیز بابر اعظم کو دے دوں گی'

نبیہہ نے 10، 15 رنز سے ہارنے پر شاعرانہ انداز میں شکوہ بھی کیا۔

Web Desk

'سنچری مار دی تو پاپا کی مرسڈیز بابر اعظم کو دے دوں گی'

نبیہہ نے 10، 15 رنز سے ہارنے پر شاعرانہ انداز میں شکوہ بھی کیا۔

(اسکرین گریب: یوٹیوب)
(اسکرین گریب: یوٹیوب)

کپتان بابر اعظم کی جذباتی مداح نے آج پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی20 میچ میں سنچری مارنے کی فرمائش کردی اور فرمائش پوری کرنے کے بدلے اپنے پاپا کی مرسڈیز کی چابی بابر کو دینے کا اعلان بھی کردیا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 4 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا دوسرا میچ آج برمنگھم میں کھیلا جائے گا، سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا، مداحوں کو امید ہے کہ قومی ٹیم آج انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو اُن کی ہی سرزمین پر دھول چٹا دے گی۔

میچ سے قبل کپتان بابر اعظم کی ایک جذباتی مداح کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس نے بابر اعظم سے آج میچ میں سنچری مارنے کی فرمائش کردی۔

وائرل ویڈیو میں لڑکی کو کہتے سنا جاسکتا ہے کہ 'بابر اعظم اگر آپ نے سنچری ماردی تو پوری دنیا کے سامنے یہ اعلان کرتی ہوں کہ میں اپنے پاپا کی مرسڈیز آپ کو دے دوں گی، میرے پاپا کی مرسڈیز آپ کی ہوئی، بس پلیز سنچری ماردیں اور ہمیں جتادیں'۔

نبیہہ نامی مداح نے مزید کہا کہ 'پاکستانیو! تیار ہوجاؤ، پھر سے ہماری ٹیم فرنگیوں کا سامنا کرنے والی ہے، آر ہو یا پار، جیت ہو یا ہار، بہت سارے سوالات کا فیصلہ جلد ہونے والا ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ ہماری پاکستانی ٹیم ضرور جیت جائے'۔

انہوں نے کپتان کو مخاطب کرتے ہوئے شاعرانہ انداز میں کہا کہ 'آپ ہی ہیں امید، آپ ہی ہیں شان، بابر اعظم آپ ہی ہیں پاکستانیوں کا مان، آپ ہیں پاکستانیوں کی جان، پلیز ہمارا مان، ہمارا سر جھکنے نہیں دینا، ہماری بالنگ، بیٹنگ دھماکے دار ہونی چاہیے'۔

ویڈیو میں نبیہہ نے مزید بتایا کہ 'میں اپنی پڑھائی، اپنی یونیورسٹی اپنا سب کچھ چھوڑ کر آپ کے لیے آرہی ہوں، پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیے آرہی ہوں، پلیز ہمارے passion کو ضائع مت ہونے دینا، ہماری امیدوں کو ضائع مت ہونے دینا'۔

نبیہہ نے شاعرانہ انداز میں شکوہ بھی کیا کہ 'جب بھی آپ لوگ ہارتے ہیں تو ہمیشہ یہی بہانہ بناتے ہیں کہ 10، 15 رنز سے پیچھے رہ گئے، اس بارے میں مجھے تازہ تازہ آمد ہورہی ہے کہ 10، 15 رنز زیادہ بنانا ہے، اس بار ہماری ناک نہیں کٹوانا ہے، پلیز ہماری ناک نہیں کٹوانا، جیت کے راستے سے خود کو نہیں ہٹانا'۔

صحافی نے سوال کیا کہ اگر بابر اعظم نے سنچری بنادی تو کیا آپ نے اپنے پاپا سے مرسڈیز کی چابی بابر کو دینے کی اجازت لے رکھی ہے؟

جواب میں کپتان کی مداح نے کہا کہ 'میں نے پاپا سے پوچھا نہیں بلکہ ان کو بتادیا ہے، جیسے میں یہاں اعلان کررہی ہوں ویسے میں گھر پر بھی اعلان کرکے آئی ہوں، پاکستانی ٹیم کے لیے ایک مرسڈیز کیا ہماری جان و دل سب قربان، بس آپ ایک سنچری بنادیں'۔

خیال رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 4 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا دوسرا میچ آج برمنگھم میں پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے شروع ہوگا۔

تازہ ترین