ٹیکنالوجی

پیزا میں گوند؟ کھانے میں پتھر؟ گوگل اے آئی کے مضحکہ خیز جوابات

گوگل کا اصرار ہے کہ اے آئی فیچر بالکل ٹھیک کام کر رہا ہے۔

Web Desk

پیزا میں گوند؟ کھانے میں پتھر؟ گوگل اے آئی کے مضحکہ خیز جوابات

گوگل کا اصرار ہے کہ اے آئی فیچر بالکل ٹھیک کام کر رہا ہے۔

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

گوگل کے مصنوعی ذہانت پر مبنی نئے 'اے آئی سرچ فیچر' کو غلط اور گمراہ کن جوابات دینے پر ان دنوں شدید تنقید کا سامنا ہے۔

اس کے تجرباتی 'AI Overviews' ٹول نے صارفین کو بتایا کہ روزانہ کھانے میں ایک پتھر کھائیں اور پیزا پر پنیر لگانے کے لیے گوند کا استعمال کریں۔

علاوہ ازیں ایک سوال کے جواب میں گوگل کے اے آئی فیچر نے اِس مشہور conspiracy theory کو سچ قرار دیا کہ سابق امریکی صدر بارک اوباما مسلمان تھے۔

ایک صارف نے سوال کیا تھا کہ پنیر کو پیزا سے چپکائے رکھنے کے لیے کیا کریں؟ جواب میں گوگل کے اے آئی فیچر نے لکھا کہ 'اس کے لیے آپ چٹنی میں تقریباً 8/1 کپ گوند شامل کر سکتے ہیں'۔

ایک اور صارف نے سوال کیا کہ کھانے میں کتنے پتھے کھانے چاہئیں؟ جواب میں گوگل کے اے آئی فیچر نے لکھا کہ 'روزانہ کھانے میں ایک پتھر کھانا چاہیے کیونکہ یہ وٹامنز اور منرلز حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے'۔

(فوٹو: سوشل میڈیا)
(فوٹو: سوشل میڈیا)

ایک صارف نے سوال کیا کہ امریکہ کے کتنے صدر مسلمان تھے؟ جواب میں گوگل کے اے آئی فیچر نے اس مشہور افواہ کو حقیقت قرار دے ڈالا کہ 'امریکہ میں ایک مسلمان صدر بارک حسین اوباما تھے، جنہوں نے 2009 سے 2017 تک بطور صدر خدمات انجام دیں' حالانکہ بارک اوباما مسلمان نہیں عیسائی ہیں۔

اسی طرح ایک سوال کے جواب میں گوگل کے اے آئی فیچر نے گردے کی پتھری ختم کرنے کے لیے پیشاب پینے کا مشورہ دیا۔

(فوٹو: سوشل میڈیا)
(فوٹو: سوشل میڈیا)

لیکن گوگل کا اصرار ہے کہ یہ اے آئی فیچر چند مثالوں کے علاوہ عمومی طور پر بالکل ٹھیک کام کر رہا ہے، گوگل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 'ہم نے جو مثالیں دیکھی ہیں وہ بہت ہی غیر معمولی سوالات سے متعلق ہیں اور بیش تر لوگوں کے تجربے کی عکاس نہیں ہیں'۔

گوگل کے ترجمان نے مزید کہا کہ 'بیش تر مواقع پر اے آئی فیچر اعلیٰ معیار کی مستند معلومات فراہم کرتا ہے، جس کے ساتھ مصدقہ لنکس بھی ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پالیسی کی خلاف ورزیوں کی شکایات پر کارروائی کی جارہی ہے اور انہیں اپنے سسٹم کو بہتر بنانے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔

تازہ ترین