انفوٹینمنٹ

دپیکا ککڑ خطرناک بیماری میں مبتلا، شعیب ابراہیم کی دعاؤں کی اپیل

ساری نفرتیں اور منفی باتیں ایک طرف رکھ دیں اور دیپیکا کیلئے دعا کریں، شعیب ابراہیم

Web Desk

دپیکا ککڑ خطرناک بیماری میں مبتلا، شعیب ابراہیم کی دعاؤں کی اپیل

ساری نفرتیں اور منفی باتیں ایک طرف رکھ دیں اور دیپیکا کیلئے دعا کریں، شعیب ابراہیم

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

مشہور بھارتی ڈرامہ 'سسرال سمر کا' سے شہرت پانے والی معروف ٹی وی اداکارہ دیپیکا ککڑ کے جگر میں رسولی (ٹیومر) کی تشخیص ہوئی ہے۔

یہ تشویشناک انکشاف اُن کے شوہر اور اداکار شعیب ابراہیم نے اپنے تازہ ترین یوٹیوب وی لاگ میں کیا۔

شعیب ابراہیم نے اپنے وی لاگ کا آغاز یہ کہتے ہوئے کیا کہ ہم ہمیشہ اپنے مداحوں کے ساتھ اچھی اور بری ہر چیز شیئر کرتے ہیں، اس لیے یہ خبر آپ تک پہنچنی چاہیے، دیپیکا کے جگر میں ٹیومر پایا گیا ہے جسے ڈاکٹر بالکل بھی ہلکا نہیں لے رہے ہیں۔

شعیب ابراہیم، جو ان دنوں ڈرامہ 'اجونی' میں کام کر رہے ہیں، انہوں نے اپنے وی لاگ میں بتایا کہ دیپیکا کے جگر کے بائیں حصے (left lobe) میں ایک بڑا ٹیومر موجود ہے، جس کے لیے جلد آپریشن کیا جائے گا، تاہم اب تک کی گئی خون کی رپورٹس میں کینسر کی کوئی واضح علامات سامنے نہیں آئیں۔

شعیب نے کہا، ‘جب میں چندی گڑھ میں تھا تو دیپیکا کو پیٹ میں درد ہونے لگا اور شروع میں ہم نے سوچا کہ یہ تیزابیت کی وجہ سے ہے اور اس نے اس کا علاج اسی طرح کیا، لیکن جب درد کم نہ ہوا تو اس نے ہمارے فیملی ڈاکٹر سے مشورہ کیا جس نے پاپا کا بھی علاج کیا تھا، اس نے مجھے کچھ اینٹی بائیوٹکس دیں اور مجھے خون کا ٹیسٹ کروانے کو کہا، پھر وہ 5 مئی تک اینٹی بائیوٹک پر رہی اور جب میں واپس آیا تو وہ ٹھیک ہو رہی تھیں، اس دوران خون کی رپورٹس سے پتا چلا کہ ان کے جسم میں انفیکشن ہے'۔

انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر کی ہدایت پر سی ٹی اسکین کروایا گیا جس میں انکشاف ہوا کہ دیپیکا کے جگر کے بائیں حصے میں ایک بڑا ٹیومر موجود ہے، جس کا سائز ٹینس بال جتنا ہے، یہ جان کر ہم سب کو بہت بڑا جھٹکا لگا، دیپیکا کو تین دن کے لیے اسپتال میں داخل بھی کیا گیا'۔

شعیب نے بتایا کہ اس کے بعد ڈاکٹر نے انہیں اسپتال میں داخل ہونے کا مشورہ دیا۔ شعیب نے بتایا کہ ٹیومر کے بارے میں سننے کے بعد ان کی پہلی پریشانی یہ تھی کہ کیا یہ کینسر ہوسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سی ٹی اسکین میں کینسر کی کوئی علامت نہیں دکھائی گئی تاہم ڈاکٹر ابھی تک کسی چیز کی تصدیق نہیں کر سکے'۔ 

انہوں نے کہا کہ دیپیکا کو پچھلے دنوں ایڈوانسڈ ہسپتال میں داخل کرایا گیا اور کئی ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں سی ٹی اسکین، سونوگرافی اور خون کا ٹیسٹ شامل ہے، اچھی بات یہ ہے کہ اب تک کے نتائج میں کینسر کی کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئی، البتہ ابھی کچھ مزید ٹیسٹس کی رپورٹس آنی ہیں'۔

اداکار نے مزید بتایا کہ ٹیومر کا علاج سرجری کے بغیر نہیں ہو سکتا، اس لیے دیپیکا کو جلد سرجری کرانی ہوگی، اس کے جسم سے ٹیومر نکالنا ضروری ہے، دیپیکا گزشتہ تین دنوں سے اسپتال میں تھیں اور انہیں آج چھٹی دے دی گئی اور ہم اسے ہسپتال سے گھر لے آئے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں نے دیپیکا کو اسپتال میں داخل رہنے کا مشورہ دیا تھا لیکن دونوں میاں بیوی نے فیصلہ کیا کہ وہ گھر پر زیادہ آرام دہ محسوس کریں گی، دیپیکا 16 مئی (آج) ایک ماہر جگر (liver specialist) سے ملاقات کریں گی، جہاں ان کے علاج کے اگلے مرحلے پر بات کی جائے گی۔

شعیب ابراہیم نے ویڈیو کے اختتام پر اپنے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ دیپیکا کی صحت کے لیے دعا کریں، جس طرح انہوں نے ان کے والد کی صحت یابی کے وقت دعائیں کی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ 'براہِ کرم ساری نفرتیں اور منفی باتیں ایک طرف رکھ دیں اور دیپیکا کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کریں'۔

واضح رہے کہ دیپیکا ککڑ کو ان کے ڈراموں کے ساتھ ساتھ ریئلٹی شوز میں بھی خوب پسند کیا جاتا رہا ہے، حالیہ دنوں میں وہ 'سیلیبریٹی ماسٹر شیف انڈیا' میں بھی نظر آئی تھیں۔

ان کی طبیعت کی اچانک خرابی نے مداحوں کو فکرمند کر دیا ہے اور سب کی نظریں اب ان کی جلد از جلد صحتیابی پر مرکوز ہیں۔